
نئی دہلی/گاندھی نگر، 13 اپریل (ہ س)۔ گجرات کے سریندر نگر ضلع میں ایک سڑک حادثہ میں سات افراد ہلاک اور چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ضلع کے لکھتر-ویرم گام قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے پیدل جا رہے عقیدت مندوں کو کچل دیا۔
لکھتر پولیس اسٹیشن کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً ڈیڑھ بجے عقیدت مندوں کا ایک گروپ راجکوٹ سے پیدل بہوچراجی ماتا مندر جا رہا تھا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک ٹرک نے کنٹرول کھو دیا اور عقیدت مندوں کو ٹکر مار دی۔
حادثے میںچھ عقیدت مندوں اور سڑک کنارے کھڑے ایک ڈمپر ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں پانچ مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سڑک حادثے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پیغام میں صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ سریندر نگر میں سڑک حادثہ میں جانی نقصان انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔
نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ”گجرات کے سریندر نگر میں ایک المناک سڑک حادثے میں جان و مال کے نقصان سے میں بے حد دکھی ہوں۔سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کا متمنی ہوں۔
اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گجرات کے سریندر نگر ضلع میں پیش آنے والا حادثہ انتہائی دردناک تھا۔ انہوں نے حادثے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد