
اگلے ہفتے صرف چار دن کاروبار ہوگا، 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کی چھٹی رہے گی
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ اگلے ہفتے گھریلو شیئر بازار میں صرف چار دن کاروبار ہوگا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) میں اگلے ہفتے منگل یعنی 14 اپریل کو کاروبار نہیں ہوگا۔ منگل کو امبیڈکر جینتی ہونے کی وجہ سے بی ایس ای اور این ایس ای میں چھٹی رہے گی۔ اس کے علاوہ ہفتہ اور اتوار کو شیئر بازار میں ہفتہ وار تعطیل رہے گی۔ اس طرح اگلے ہفتے شیئر بازار میں صرف چار دن ہی معمول کا کاروبار ہوگا۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی طرح ہی ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں بھی امبیڈکر جینتی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے پہلے سیشن میں یعنی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کاروبار نہیں ہوگا۔ تاہم ایم سی ایکس میں شام 5 بجے سے رات 11.55 بجے تک دوسرے سیشن میں معمول کا کاروبار ہوگا۔
شیئر بازار کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق امبیڈکر جینتی کی چھٹی ہونے کے سبب بی ایس ای میں ایکویٹی سیگمنٹ، ایکویٹی ڈیریویٹیو سیگمنٹ، کرنسی ڈیریویٹیوز سیگمنٹس، نیو ڈیٹ سیگمنٹ- رپورٹنگ، سیٹلمنٹ اینڈ ٹریڈنگ پلیٹ فارم (این ڈی ایس-آر ایس ٹی)، ٹرائی پارٹی ریپو، الیکٹرانک گولڈ ریسیٹس (ای جی آر)، کموڈٹی ڈیریویٹیوز سیگمنٹ سبھی کے لیے کاروبار کی چھٹی رہے گی۔ اسی طرح این ایس ای میں بھی ایکویٹیز، ایکویٹی ڈیریویٹیوز، کارپوریٹ بانڈز، نیو ڈیٹ سیگمنٹس، نیگوشی ایٹڈ ٹریڈ رپورٹنگ پلیٹ فارم، میوچل فنڈز، سیکیورٹی لینڈنگ اینڈ بوروینگ اسکیمز، کرنسی ڈیریویٹیوز، کموڈٹی ڈیریویٹیوز اور انٹرسٹ ریٹ ڈیریویٹیوز سبھی سیگمنٹس میں چھٹی رہے گی۔
شیئر بازار کے ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق اگلے مہینے یکم مئی کو مہاراشٹر ڈے کے موقع پر ممبئی اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج میں چھٹی رہے گی، اس دن ملٹی کموڈٹی ایکسچینج میں بھی صبح کے سیشن میں چھٹی رہے گی۔ تاہم شام کے سیشن میں ایم سی ایکس میں معمول کا کاروبار ہوگا۔ یکم مئی کو جمعہ ہونے کی وجہ سے مئی کے پہلے تین دن لگاتار گھریلو شیئر بازار بند رہے گا۔ یکم مئی کو مہاراشٹر ڈے کی چھٹی ہونے کے بعد 2 اور 3 مئی کو ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹی رہے گی۔ مئی کے مہینے میں یکم تاریخ کے علاوہ 28 مئی کو بھی چھٹی رہے گی۔ 28 مئی کو عید الاضحیٰ کی وجہ سے شیئر مارکیٹ بند رہے گی۔
اس ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق مئی کے بعد جون میں صرف ایک دن 26 جون کو عاشورہ (محرم) کی وجہ سے شیئر مارکیٹ میں کاروبار نہیں ہوگا۔ اس کے بعد جولائی اور اگست میں شیئر مارکیٹ میں ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ اور کوئی چھٹی نہیں ہوگی۔ ستمبر میں 14 تاریخ کو گنیش چترتھی کی چھٹی ہوگی، جبکہ اکتوبر کے مہینے میں 2 تاریخ کو مہاتما گاندھی جینتی کی وجہ سے شیئر مارکیٹ میں کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
اسی مہینے 20 تاریخ کو شیئر مارکیٹ میں دسہرہ کی چھٹی ہوگی، جبکہ 10 نومبر کو بلی پرتی پدا کی وجہ سے شیئر مارکیٹ میں چھٹی رہے گی۔ نومبر کے مہینے میں 24 تاریخ کو شری گرو نانک دیو گر پورب کی چھٹی رہے گی۔ اسی طرح سال کے آخری مہینے دسمبر میں 25 تاریخ کو کرسمس کی چھٹی رہے گی۔
اس سال یوم آزادی یعنی 15 اگست ہفتہ کے دن رہنے والا ہے۔ اسی طرح دیپاولی 8 نومبر کو اتوار کے دن ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار ہونے کی وجہ سے ان دونوں دنوں کو شیئر مارکیٹ کے ہالیڈے کیلنڈر میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ دیپاولی کے دن اتوار ہونے کے باوجود شیئر مارکیٹ میں مہورت کاروبار ہوگا۔ تاہم مہورت کاروبار کا وقت بعد میں ظاہر کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن