
میدینی پور، یکم اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کی صبح سے رات دیر گئے تک مغربی میدینی پور اور بانکوڑا اضلاع میں کئی انتخابی جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کیا۔ چندرکونہ، گڑھ بیتا اور وشنو پور میں ریلیوں میں بڑے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ عوام کی بے پناہ حمایت ان کی سب سے بڑی طاقت ہے اور اس سے واضح ہے کہ ریاست میں صرف ترقی کی سیاست کو ہی حمایت ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے گرو رابندر ناتھ ٹیگور کے سطور کا حوالہ دیا، ”ناگن چاروں طرف زہریلی سانسیں چھوڑ رہی ہے۔“ انہوں نے کہا کہ جب امن اور ہم آہنگی کی باتوں کا مذاق اڑایا جانے لگے، تب جمہوریت کے تحفظ کے لیے عوام کوہی آگے آناپڑتا ہے۔
انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ”دہلی کے زمیں دار“بنگال کی سرزمین پر فرقہ واریت پھیلا کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی نے الزام لگایا کہ ریاست کے عوام بنگال کی ثقافت اور شناخت کی توہین کرنے والوں اور عام لوگوں کے جمہوری حقوق کو دبانے کی کوشش کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
اپنی تقریر میں، ممتا بنرجی نے اپنی تقریر میں میدینی پور، کھڑگپور (دیہی)، شالبنی، اوندا اور کوتلپور سمیت مختلف حلقوں میں ووٹروں سے ترنمول کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے لوگ متحد ہو کر پروپیگنڈے اور تقسیم کی سیاست کے خلاف ووٹ دیں گے اور جمہوری اقدار کا دفاع کریں گے۔
منگل کی ریلیوں کے بعد بدھ کو بھی وزیر اعلیٰ کی انتخابی مہم جاری ہے۔ شیڈول کے مطابق، وہ بیر بھوم ضلع کے نانور اسمبلی حلقہ میں واقع الامین ماڈل اسکول پاپوری گراو¿نڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی، جہاں وہ پارٹی امیدوار بدھن چندر ماجھی کے لئے حمایت حاصل کریں گی۔ اس کے بعد وہ مرشد آباد ضلع کے بروان اسمبلی حلقہ میں ڈاک بنگلہ کشن منڈی گراو¿نڈ میں پرتیما رجک کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کریں گی۔ اس کے بعد وہ جنگی پور کے بھولا ڈانگہ فٹ بال گراو¿نڈ میں نبگرام اسمبلی حلقہ کے امیدوار پرنب چندر داس کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد