
مالدہ، یکم اپریل (ہ س) ضلع کے چنچل اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار کے اعلان کے بعد شروع ہونے والا تنازعہ اب بڑھ گیا ہے۔ منگل کی رات ضلع کانگریس کے جنرل سکریٹری انظار الحق جانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس سے علاقے میں سیاسی ہلچل مچ گئی۔
جانی نے ضلعی صدر عیسیٰ خان چودھری پر کئی الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار کے اعلان کے بعد سے پارٹی کارکنوں میں بڑے پیمانے پر ناراضگی پائی جاتی ہے لیکن ضلعی قیادت نے ان کی بات سننے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ اس کے بجائے، انہیں پارٹی مخالف سرگرمیوں پر وجہ بتاو¿ نوٹس جاری کیا گیا۔
جانی نے اپنے دفاع میں واضح طور پر کہا کہ ان کا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ گزشتہ کچھ دنوں سے گھر پر ہیں۔ اس کے باوجود انہیں غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع صدر نے انہیں فون پر دھمکی بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کارکنوں کے جذبات کو نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلے کر رہی ہے جس پر احتجاج کے لیے یہ قدم اٹھایا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ انتخابات سے عین قبل اس طرح کا استعفیٰ اور جانی کے حامیوں کے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا امکان کانگریس کے ووٹ بینک کو بڑا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی