
میسی کے گول اور اسسٹ سے ارجنٹینا کی شاندار جیت، دوستانہ میچ میں زیمبیا کو 0-5 سے ہرایا
بیونس آئرس، یکم اپریل (ہ س)۔ لیونل میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا قومی فٹ بال ٹیم نے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں منگل کو زیمبیا کو 0-5 سے کراری شکست دی۔ یہ مقابلہ بیونس آئرس کے مشہور ’لا بومبونیرا‘ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ کوچ لیونل اسکالونی نے گزشتہ میچ میں اوسط کارکردگی کے بعد میسی کو دوبارہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا اور انہوں نے فوری اثر دکھایا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں ہی میسی نے شاندار پاس دے کر جولین الواریز سے پہلا گول کروایا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے ٹھیک پہلے میسی نے خود بھی گول داغتے ہوئے بین الاقوامی کیریئر کا 116 واں گول مکمل کیا۔ انہوں نے الیکسس میک ایلسٹر کے ساتھ بہترین تال میل دکھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچایا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کو پینالٹی ملی، لیکن میسی نے خود شاٹ لینے کے بجائے گیند نکولس اوٹامینڈی کو سونپ دی، جنہوں نے اسے گول میں بدل کر اسکور 0-3 کر دیا۔ اس کے بعد زیمبیا کے ڈومینک چانڈا کے خودکش گول سے برتری 0-4 ہوگئی۔
آخر میں نوجوان کھلاڑی ویلنٹائن بارکو نے انجری ٹائم میں گول کر کے اسکور 0-5 کر دیا۔ یہ مقابلہ موجودہ عالمی چیمپیئن ارجنٹینا کے لیے ورلڈ کپ سے پہلے گھریلو میدان پر آخری میچ تھا۔ ٹیم جون میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں اپنے خطاب کا دفاع کرے گی، جہاں اس کا سامنا الجزائر، آسٹریا اور اردن سے ہوگا۔ کپتان میسی سے ایک بار پھر ٹیم کو خطاب دلانے کی امیدیں ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن