
اٹلی مسلسل تیسری بار فیفا ورلڈ کپ سے باہر، پلے آف میں بوسنیا سے پینالٹی شوٹ آوٹ میں شکست ملی
جینیکا، یکم اپریل (ہ س)۔ چار بار کی عالمی چیمپئن اٹلی قومی فٹ بال ٹیم ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یورپی پلے آف مقابلے میں اٹلی کو 66ویں رینکنگ والی بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف پینالٹی شوٹ آوٹ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ مقابلے کی شروعات میں موئز کین نے گول کر کے اٹلی کو برتری دلائی، لیکن پہلے ہاف میں ہی سینٹر-بیک الیسانڈرو باستونی کو ریڈ کارڈ ملنے سے ٹیم 10 کھلاڑیوں تک سمٹ گئی۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بوسنیا کے سبسٹی ٹیوٹ حارث تباکووچ نے 79ویں منٹ میں برابری کا گول داغ دیا، جس سے میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔
اضافی وقت میں بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا اور مقابلہ پینالٹی شوٹ آوٹ تک پہنچا، جہاں اٹلی کو ہار جھیلنی پڑی۔ اس شکست کے ساتھ ہی اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ میں جگہ بنانے سے چوک گئی ہے۔ اس سے پہلے ٹیم کو گزشتہ دو ورلڈ کپ کوالیفائر پلے آف میں سویڈن اور نارتھ میسیڈونیا کے ہاتھوں باہر ہونا پڑا تھا۔ 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں خطاب جیت چکی اٹلی اب کم از کم 16 سال تک ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ کھیلے بغیر رہ سکتی ہے۔
ٹیم کی خراب کارکردگی 2010 اور 2014 ورلڈ کپ سے ہی شروع ہو گئی تھی، جہاں وہ گروپ اسٹیج سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔ تاہم، اٹلی نے 2021 میں یورپی چیمپئن شپ جیت کر واپسی کی جھلک ضرور دکھائی تھی۔ اٹلی کا آخری ورلڈ کپ ناک آوٹ میچ 2006 میں تھا، جب اس نے فائنل میں فرانس کو ہرا کر خطاب جیتا تھا۔ 1958 کے بعد یہ پہلی بار ہے جب اٹلی اتنی بار ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے ٹیم کی کارکردگی پر سنگین سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن