
علی گڑھ, یکم اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے چیئرمین پروفیسر شہروز عالم رضوی نے سوامی وویکانند سبھارتی یونیورسٹی (ایس وی ایس یو)، میرٹھ میں سوامی وویکانند ریسرچ چیئر کے زیر اہتمام لیکچر دیا۔ ریسرچ چیئر کی کنوینر پروفیسر مونیکا مہروترہ نے ان کا استقبال کیا۔ پروفیسر رضوی نے اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ سے تبادلہ خیال کیا اور سنٹر کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عجائب گھر اور کتب خانے کا بھی دورہ کیا، جہاں ادارے کے علمی وسائل اور جدت پسندی پر مبنی کاوشوں کو سراہا، اور تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔ اپنے لیکچر بعنوان ”ذمہ دارانہ صرف و پیداوار: ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر“ میں پروفیسر رضوی نے باخبر اور ذمہ دار معاشروں کی تشکیل میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے عالمی معاشی رجحانات اور ہندوستان پر ان کے اثرات کا تجزیہ پیش کیا، ساتھ ہی پائیدار ترقی کے لیے پالیسی نقطہ نظر اور آئندہ کے لائحہ عمل کی وضاحت کی۔
انہوں نے معاصر تحقیقی مسائل پر بھی گفتگو کی، جس میں تحقیقی طریقہ کار کے استناد اور علمی تحریر کی اہمیت کو اجاگر کیا، اور ’وسودھیو کٹمبکم‘ کے وسیع تر تصور کے ساتھ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی تبدیلی آفریں صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
نشست میں ایس وی ایس یو کے وائس چانسلر پروفیسر پرمود کمار شرما، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس و سوشل سائنسز پروفیسر سدھیر تیاگی اور پروفیسر مونیکا مہروترہ سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ شریک ہوئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ