مدھیہ پردیش میں اپریل میں بدلے گا موسم، پہلے ہفتے آندھی-بارش، پھر 15 سے شدید گرمی پڑے گی
مدھیہ پردیش میں اپریل میں بدلے گا موسم، پہلے ہفتے آندھی-بارش، پھر 15 سے شدید گرمی پڑے گی بھوپال، یکم اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں اپریل کا مہینہ موسم کے بڑے اتار چڑھاو کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ جہاں مہینے کے پہلے ہفتے میں آندھی، بارش اور اولوں کا اث
ایم پی موسم فائل فوٹو


مدھیہ پردیش میں اپریل میں بدلے گا موسم، پہلے ہفتے آندھی-بارش، پھر 15 سے شدید گرمی پڑے گی

بھوپال، یکم اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں اپریل کا مہینہ موسم کے بڑے اتار چڑھاو کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ جہاں مہینے کے پہلے ہفتے میں آندھی، بارش اور اولوں کا اثر دیکھنے کو ملے گا، وہیں 15 اپریل کے بعد ریاست شدید گرمی اور لوٗ کی زد میں آ جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، یکم سے 4 اپریل تک ریاست کے تقریباً آدھے حصے میں موسم خراب رہنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آج بدھ کو اندور، اجین اور گوالیار سمیت کل 29 اضلاع میں وارننگ دی گئی ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں گوالیار، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھتر پور، پنا، ستنا، میہر، ریوا، مئوگنج، سیدھی، سنگرولی، شہڈول، انوپ پور، آگر-مالوہ، راج گڑھ، شاجاپور، سیہور، کھنڈوا، برہان پور، کھرگون، اندور، اجین، رتلام، جھابوا، علی راج پور، دھار اور بڑوانی میں موسم بدلنے کا امکان ہے۔

گزشتہ دو دنوں سے پوری ریاست میں موسم کا مزاج بدلا ہوا ہے۔ 12 اضلاع میں اولہ باری درج کی گئی، جبکہ 41 سے زائد اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کا اثر رہا۔ منگل کو ضلع دھار کے ککشی اور مناور میں اولے گرے، وہیں کئی جگہ رات میں بھی موسم سرگرم رہا۔ تاہم، ان تبدیلیوں کے درمیان گرمی کا اثر بھی کم نہیں ہوا ہے۔ نرمدا پورم میں درجہ حرارت 40.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کھجوراہو میں 39.2 ڈگری، رتلام اور نوگاوں میں 39 ڈگری، دموہ میں 39.1 ڈگری، جبکہ کھرگون، رائسین اور امریا میں درجہ حرارت 38 ڈگری کے آس پاس رہا۔ بڑے شہروں کی بات کریں تو بھوپال اور جبل پور میں درجہ حرارت 37 ڈگری، اندور اور گوالیار میں 36.6 ڈگری نیز اجین میں 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

موسم سائنسدانوں کے مطابق فی الحال ریاست میں سائکلونک سرکولیشن اور ٹرف سرگرم ہیں، جبکہ 2 اپریل سے ایک نیا ویسٹرن ڈسٹربنس بھی اثر ڈالے گا۔ اس کے نتیجے میں 4 اپریل تک کہیں آندھی تو کہیں بارش جاری رہ سکتی ہے۔ اس کے بعد موسم صاف ہوتے ہی درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ دوسرے ہفتے سے گرمی کا اثر تیز ہو جائے گا، جبکہ اپریل کے آخری ہفتے میں گوالیار، دھار، کھرگون، بڑوانی اور نوگاوں-کھجوراہو جیسے علاقوں میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ دتیا، مرینا، شیوپور سمیت کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ ریاست کے جنوبی اور مغربی حصوں میں گرم ہواوں کے باعث لوٗ کی صورتحال بن سکتی ہے، جس سے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande