
حیدرآباد ، یکم اپریل (ہ س) ۔ چیف سکریٹری کے رام کرشناراؤ نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں 99 روزہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام پرعمل آوری کا جائزہ لیا۔ حکومت کے اِس پروگرام کے دوران نظم و نسق کی کارکردگی بہتر بنانے کے علاوہ فلاحی اسکیمات پرعمل آوری پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ گرام سبھا اور وارڈ سبھاؤں کا 2 اپریل سے انعقاد عمل میں لائیں تاکہ عوام کوحکومت کی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ گرام سبھاؤں اور وارڈ سبھاؤں کا انعقاد شفافیت کے ساتھ ہونا چاہئے اور مقامی عوامی نمائندوں کو سبھاؤں میں شامل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام سے رابطہ میں بہتری کےلئےحکومت نے 99 روزہ پروگرام شروع کیا ہے تاکہ نظم و نسق کو عوام کے قریب لایا جاسکے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہاکہ سبھاؤں میں عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے ہر شہری کو واقف کرایا جائے۔ حکومت نے بجٹ میں جن نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے، اُن کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں۔ رام کرشنا راؤ نے کہاکہ اسکیمات کے استفادہ کنندگان سے ردعمل حاصل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ بنیادی سطح تک عہدیداروں کی رسائی اور عوام کی شمولیت کے ذریعہ اسکیمات پربہتراندازمیں عمل کیا جاسکتا ہے۔چیف سکریٹری نے تمام متعلقہ محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کا مشورہ دیا اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اِس سلسلہ میں منصوبہ بندی کریں۔ سکریٹری پلاننگ گورو اپل نے ضلع کلکٹرس کو گرام سبھاؤں کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ سکریٹری بلدی نظم و نسق ٹی کے سری دیوی نے کہاکہ وارڈ سبھا میں میونسپل اسٹاف کو ٹیکس کلکشن کی ترغیب دی جائے اور صد فیصد نشانہ کی تکمیل کرنے والے ملازمین کو تہنیت پیش کی جائے۔ پرنسپل سکریٹری ہیلت کرسٹینا چنگٹو نے ضلع کلکٹرس کو ہیلت ویک پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا جس کا 6 اپریل سے آغاز ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق