
جموں, یکم اپریل (ہ س)وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں ڈیلی ویجرز کی مستقلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسمبلی کو آگاہ کیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران مرحلہ وار طریقے سے اس عمل کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی کی جانب سے پیش کردہ ایک پرائیویٹ ممبر بل پر جواب دیتے ہوئے کہی۔ اس بل میں مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجرز اور دیگر عارضی ملازمین کی خدمات کو مستقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بل کے مقصد کی مخالفت نہیں کرتے، تاہم اس کے پیش کیے جانے کے وقت پر انہیں تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران مرحلہ وار مستقلی کا عمل شروع کیا جائے گا اور حکومت اپنے اس وعدے پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو مالی سال کے پہلے ہی دن اٹھانا مناسب نہیں لگتا کیونکہ حکومت حال ہی میں اس حوالے سے اعلان کر چکی ہے۔ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ حکومت ان ملازمین کی مشکلات سے پوری طرح واقف ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے اہم سال سرکاری خدمات میں گزارے ہیں اور ان کی مستقلی حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کا جائزہ ایک کمیٹی لے رہی ہے اور اس کی رپورٹ کا انتظار کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے محمد یوسف تاریگامی سے اپیل کی کہ وہ حکومتی یقین دہانی کے پیش نظر اپنا بل واپس لے لیں۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی پر مطمئن ہو کر محمد یوسف تاریگامی نے اپنا بل واپس لے لیا۔اسی نوعیت کا ایک اور بل، جو رکن اسمبلی وحید الرحمن پرانے پیش کیا تھا، جس میں ایڈہاک، ڈیلی ویجرز اور دیگر عارضی ملازمین کی مستقلی کی تجویز شامل تھی، ایوان میں وائس ووٹ کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر