
چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا
جموں، یکم اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں مختلف اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور خطرات میں کمی کے لیے مختص 3340 کروڑ روپے کے فنڈز کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور پیشگی حکمت عملی اختیار کر کے ہی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
چیف سکریٹری نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہم شعبوں جیسے ابتدائی انتباہی نظام، راحت و امداد، بحالی، تعمیر نو اور تربیت پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ماہرین کی بنیاد پر پالیسی سازی اور ہر محکمہ کے لیے عملی سفارشات تیار کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔ مانسون سیزن کے پیش نظر انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ حساس علاقوں کی پیشگی نشاندہی کر کے احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور معیاری طریقہ کار نافذ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں کے تحت انفراسٹرکچر کی بحالی، جدید انتباہی نظام کی تنصیب اور خطرات میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بڈگام میں ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کو جلد فعال بنانے کی کوششیں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کو ایک محفوظ اور آفات سے نمٹنے کے قابل خطہ بنانے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر