
جموں, یکم اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ سرحدی دیہات ہندوستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور وہاں کے رہائشی ملک کا پہلا چہرہ ہیں جسے کوئی بیرونی شخص دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے لوگ ہمت، قربانی اور صبر میں سب سے آگے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ترجیحات میں بھی سرفہرست ہیں۔وہ بدھ کے روز ضلع جموں کے سرحدی گاؤں مکوال میں وائبرنٹ ولیجز پروگرام (مرحلہ دوم) کے تحت منعقدہ ایک عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے باشندے روزانہ کی بنیاد پر ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں، لہٰذا اس خدمت کا اعتراف صرف الفاظ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر خاندان کے معیارِ زندگی میں واضح نظر آنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایت دی کہ کوئی بھی مستحق خاندان نظر انداز نہ ہو اور جہاں سرکاری اسکیمیں ناکافی ہوں وہاں فوری حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی دیہات کی ترقی ان کے لیے ایک جذبہ، عزم اور ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے وعدوں اور عوام تک پہنچنے والے فائدے کے درمیان کوئی خلا نہیں ہونا چاہیے۔سرحدی گاؤں آخری نہیں بلکہ ملک کا پہلا گاؤں ہے، اور یہاں رہنا اور ملک کی خدمت کرنا غیر معمولی جرات کی مثال ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 2019 سے پہلے سرحدی علاقوں کو نظر انداز کیا جاتا تھا، مگر اب وزیر اعظم کی قیادت میں جموں و کشمیر سمیت شمال مشرقی علاقوں کے سرحدی دیہات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک، بجلی اور ٹیلی کام سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بیشتر دیہات ان سہولیات سے جڑ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں زراعت، ڈیری اور سیاحت کے شعبوں میں خصوصی توجہ دی گئی ہے جس سے مقامی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور شہروں کی طرف نقل مکانی میں کمی آئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لیے روزگار، تربیت اور مالی معاونت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مکوال اور دیگر سرحدی دیہات ماڈل گاؤں بنیں تاکہ نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے شہروں کی طرف نہ جانا پڑے۔انہوں نے پی او جے کے بے گھر افراد کے زمین کے حقوق سے متعلق 2024 کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
اس موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا جن میں ماڈل آنگن واڑی مرکز، کمیونٹی ہال، اسپورٹس کورٹ، ہیلتھ سب سینٹر اور ویٹرنری ڈسپنسری شامل ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو تقرری نامے اور مختلف اسکیموں کے تحت منظوری خطوط بھی فراہم کیے گئے۔تقریب میں رکن اسمبلی سریندر کمار، چیف سکریٹری اٹل ڈلو، ڈویژنل کمشنر رمیش کمار سمیت اعلیٰ سرکاری افسران اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر