
ہندوستان نے کولمبو میں چائنیز تائپے کو 3-0 سے شکست دے کر پہلا کانسی کا تمغہ جیتا
بنگلورو، 7 مارچ (ہ س):۔
ہندوستانی مردوں کی وہیل چیئر ٹینس ٹیم نے کولمبو میں بی این پی پریباس وہیل چیئر ورلڈ ٹیم کپ ایشیا کوالیفیکیشن ایونٹ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تاریخی تمغہ جیتا۔ ہندوستان نے کانسی کے تمغے کے مقابلے میں چائنیز تائپے کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کیا۔ یہ ٹورنامنٹ 2 اور 6 مارچ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کے زیر اہتمام یہ ٹورنامنٹ ایشیا سے بی این پی پریباس ورلڈ ٹیم کپ کے لیے اہلیت فراہم کرتا ہے اور اسے وہیل چیئر ٹینس کا ڈیوس کپ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم میں ہندوستان کے نمبر 1 کھلاڑی، شیکھر ویراسوامی (عالمی درجہ بندی 210)، بسواراج کندرگی (عالمی درجہ بندی 185)، اور تمل ناڈو کے کارتک کروناکرن (عالمی درجہ بندی 351) شامل تھے۔
ابتدائی دھچکے، اس کے بعد شاندار واپسی:
ہندوستان اپنے پہلے میچ میں جمہوریہ کوریا سے 0-3 سے ہار گیا۔ کوریا کے ہان سنگ بونگ (عالمی درجہ بندی 46) نے کارتک کروناکرن کو 6-1، 6-1 سے شکست دی، جبکہ ایم ہو ون (عالمی درجہ بندی 61) نے بسو راج کندرگی کو 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ اس کے بعد لی جیہوان اور ہان سنگ بونگ نے ڈبلز میچ 6-3، 6-2 سے جیتا۔
دوسرے میچ میں میزبان سری لنکا نے بھی بھارت کو 3-0 سے شکست دی۔ لسانتھا راناویرا (عالمی درجہ بندی 63) نے شیکھر ویراسوامی کو 6-2، 6-0 سے شکست دی، جبکہ سریش دھرماسینا (عالمی درجہ بندی 78)بسواراج کندرگی کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔ سری لنکا کی جوڑی گامنی ڈسانائیکا اور پرسنا وجیسیرگے نے ڈبلز میں 6-3، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان اور چائنیز تائپے پر بڑی جیت:
ہندوستان نے پھر زبردست واپسی کی اور پاکستان کو 3-0 سے شکست دی۔ کارتک کروناکرن نے محمد فراس (عالمی درجہ بندی 156) کو 6-0، 6-0 سے شکست دی، جبکہ شیکھر ویراسوامی نے فدا حسین (عالمی درجہ بندی 173) کو 6-0، 6-1 سے شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے ڈبلز 6-0، 6-0 سے جیتا۔
ہندوستان نے کانسی کے تمغے کے مقابلے میں چینی تائپے کو بھی 3-0 سے شکست دی۔ کارتک کروناکرن نے تانگ چاو¿ ہان (عالمی درجہ بندی 84) کو 6-1، 6-1 سے شکست دی، جب کہ شیکھر ویراسوامی نے وانگ وی سوان (عالمی درجہ بندی 92) کو 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے اس کے بعد چینگ ہان سونگ اور تانگ چاو¿ ہان کو ڈبلز میں 6-1، 6-0 سے ہرا کر ہندوستان کو کانسی کا تمغہ دلایا۔
ہندوستانی ٹیم کے کوچ اور کپتان پیٹر وجے کمار نے کہا، یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے تیسرے نمبر پر رہنے کے بعد کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ کھلاڑیوں نے بہترین ہم آہنگی اور مسلسل بہتری کا مظاہرہ کیا۔ ایشیائی خطے سے ورلڈ گروپ کے لیے کوالیفائی کرنا سب سے مشکل سمجھا جاتا ہے، اس لیے یہ کامیابی انتہائی قابل تعریف ہے۔
خواتین کے زمرے میں، ہندوستان کی نمائندگی شلپا کدوکوتھنا ہلی پوتاراجو (عالمی درجہ بندی 70)، پرتیما نارائن راو¿ (عالمی درجہ بندی 83) اور مہاراشٹر کی مبینا کولاکر (عالمی درجہ بندی 112) نے کی۔ تاہم ہندوستانی خواتین ٹیم اپنے تمام میچ ہار گئی۔ سخت مقابلے کے باوجود ہندوستانی ٹیم کوریا، چین اور قازقستان کے خلاف فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ہندوستان قازقستان کے خلاف فائنل میچ میں فتح کے قریب پہنچ گیا تھا، لیکن فیصلہ کن ڈبلز میچ 2-1 سے ہار گیا۔
ایشیا کوالیفائرز کے بعد، ہندوستانی وہیل چیئر ٹینس کھلاڑی اب آئی ٹی ایف یونیکلو وہیل چیئر ٹینس ٹور میں حصہ لے کر آئندہ ورلڈ ٹیم کپ کوالیفکیشن راو¿نڈ کے لیے تیاری کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ