
پاراماریبو، 31 مارچ (ہ س)۔
جنوبی امریکی ملک سورینام کے سابق صدر چندریکا پرساد سنتوکھی کا پیر کو اچانک انتقال ہو گیا۔ وہ 67 برس کے تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ملک کی موجودہ صدر جینیفر سیمنز نے کی۔
سنتوکھی نے سال 2020 سے 2025 تک سورینام کے صدر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ وہ ’پروگریسو ریفارم پارٹی‘ کے صدر بھی تھے اور اس سے قبل 2005 سے 2010 کے درمیان ملک کے وزیرِ انصاف کے طور پر اپنی خدمات دے چکے تھے۔
صدر جینیفر سیمنز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ سنتوکھی کی عوامی زندگی میں شراکت طویل عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے ملک کے مختلف اہم عہدوں پر رہتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دیں۔
تاہم، ان کے انتقال کی وجوہات کا فوری طور پر انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔
سنتوکھی کے اچانک انتقال سے ملک میں سوگ کی لہر ہے اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن