
نئی دہلی، 31 مارچ (ہ س): الٹیمیٹ ٹیبل ٹینس (یو ٹی ٹی) نے اپنے آنے والے سیزن 7 سے پہلے ایک بڑی تبدیلی کی ہے۔ لیگ نے اعلان کیا ہے کہ اسٹینلے کی چنئی لائنز کی جگہ یوپی پرومیتھینس ٹیم نے مقابلے میں اپنی جگہ حاصل کر لی ہے۔
یوپی پرومیتھینس کی ملکیت کاروباری شخصیت اور بی آئی ٹی ایس پیلانی کے سابق طالب علم مکیش شرما کی ہے۔ ٹیم ڈریم اسپورٹس فاو¿نڈیشن اور یو ٹی ٹی کے مشترکہ اقدام 'ڈریم یو ٹی ٹی جونیئرز' میں بھی شرکت کرے گی جس کا مقصد نچلی سطح پر ٹیبل ٹینس کو فروغ دینا ہے۔
فرنچائز معاہدے کی بار بار خلاف ورزی اور ادائیگیوں میں ڈیفالٹ کرنے پرلیگ نے اس سے قبل جے پور پیٹریاٹس کو نکال دیا تھا، جو پچھلے سیزن کے رنرز اپ تھے۔
فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے، یو ٹی ٹی کے سی ای او ایکانش گپتا نے کہا، لیگ کا اتر پردیش جیسی بڑی ریاست میں توسیع ایک مثبت قدم ہے۔ اس سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ پورے ملک میں لیگ کی پہنچ کو بھی تقویت ملے گی۔
ٹیم کے مالک مکیش شرما نے کہا کہ وہ اس لیگ کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں اور یوپی پرومیتھینس کے ذریعے ایک مضبوط اور مسابقتی ٹیم بنانا چاہتے ہیں، جو ہندوستان کو اولمپک سطح تک لے جانے میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔
یو ٹی ٹی کا ساتواں سیزن جولائی میں گوا میں منعقد کیا جائے گا، جس میں کل سات ٹیمیں ہوں گی: دفاعی چیمپئن یو ممبا، احمد آباد ایس جی پائپرز، دبنگ دہلی ٹی ٹی سی، ڈیمپو گوا چیلنجرز، کولکاتا تھنڈر بلیڈز، پی بی جی پونے جاگوارز، اور یو پی پرومیتھینس۔ مقابلہ راو¿نڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم ایک دوسرے سے کھیلے گی۔ اس سیزن میں کل 24 میچ کھیلے جائیں گے جو کہ پچھلے دو سیزن کے مقابلے ایک زیادہ ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی