
دیویا-وشالی کا مقابلہ بھی ڈرا
نئی دہلی، 31 مارچ (ہ س)۔ فیڈے کینڈیڈیٹس 2026 کے دوسرے راونڈ میں ہندوستان کے گرینڈ ماسٹر آر پرگیانند نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے ڈرا کھیلا اور پوائنٹس ٹیبل میں مشترکہ برتری برقرار رکھی۔ انہوں نے چین کے وی ای کے خلاف مقابلہ ڈرا کھیلا۔ اس سے قبل پرگیانند نے پہلے راونڈ میں اعلیٰ رینکنگ والے انیش گیری کو ہرا کر شاندار آغاز کیا تھا۔
وی ای نے مقابلے کا آغاز ’پیٹروف ڈیفنس‘ سے کیا، جس سے کھیل کی ساخت متوازن اور پیچیدہ ہو گئی۔ پرگیانند نے اپنی پوزیشن اور چھوٹے مہروں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پورے مقابلے میں اعلیٰ درجے کی مہارت دکھائی اور وقت کے خاتمے کے قریب پہنچتے پہنچتے مقابلہ ڈرا پر ختم ہو گیا۔
خواتین کے زمرے میں آل انڈین مقابلے میں دیویا دیش مکھ اور آر وشالی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جو بالآخر ڈرا پر ختم ہوا۔ دیویا نے ٹھوس حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنے نائٹ کے گرد کھیل کو آگے بڑھایا اور وشالی پر مسلسل دباو برقرار رکھا۔
تاہم، اس مقابلے کی سب سے بڑی بات وشالی کی وقت کی صورتحال رہی۔ وہ جلدی ہی وقت کے دباو میں آ گئیں اور انہیں پہلے سیشن کے آخری مرحلے میں صرف 30 سیکنڈ کے اضافے (انکریمنٹ) کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ انہوں نے دباو میں شاندار ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ ڈرا کرایا، جو ان کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوا، جبکہ دیویا کے لیے یہ ایک ضائع شدہ موقع رہا۔
دیگر مقابلوں کی بات کریں تو اوپن زمرے میں میتھیاس بلوباوم اور جاواکھیر سنداروف کے درمیان مقابلہ ڈرا رہا۔ وہیں فیبیانو کاروانا اور انیش گیری کا میچ بھی ڈرا پر ختم ہوا۔ ہیکارو ناکامورا اور آندرے ایسی پینکو نے بھی پوائنٹس بانٹے۔
خواتین کے زمرے کے ایک اور مقابلے میں ژو جنیر طویل عرصے تک برتری میں نظر آئیں، لیکن آخر میں بیبیسارا اساوبایوا کے خلاف مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن