
علی گڑھ, 31 مارچ (ہ س)آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور موجودہ ایم ایل سی پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی بنیاد دراصل آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کی تحریک کا نتیجہ ہے۔ سر سید احمد خاں نے جس تعلیمی تحریک کی شروعات کی تھی، اسی تحریک نے آگے چل کر ایک عظیم درسگاہ کی شکل اختیار کی، جسے آج دنیا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نام سے جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سر سید احمد خاں کا اصل مشن قوم کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا تھا اور آج بھی اسی مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے میدان میں نئی ٹیکنالوجی، سائنسی تعلیم، ریسرچ اور پروفیشنل کورسز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ تعلیم کے بغیر نہ قوم ترقی کر سکتی ہے اور نہ ہی ملک۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کسی بھی قوم اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیاد ہوتی ہے۔پروگرام میں مہمانِ خصوصی معروف کاروباری حاجی محمد ظہیرقریشی، منیجنگ ڈائریکٹر الحمد ایگر فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈنے اپنے خطاب میں آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے ذریعے کیے جا رہے رینوویشن کے کام کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ یہ کام ہماری ملی، تعلیمی اور تاریخی وراثت کو محفوظ رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سر سید احمد خاں کی قائم کردہ اس تحریک اور اس کی تاریخی عمارتوں کو محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس رینوویشن اور تعلیمی کاموں میں بھرپور تعاون کریں گے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی تاکہ یہ تعلیمی مشن مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے۔ کانفرنس کے آنریری جنرل سیکرٹری پروفیسر رضاء اللہ خاں نے سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور کانفرنس کے ذریعے کیے جا رہے کاموں کی تفصیل پیش کی،اس موقے پر پروفیسر صبغت اللہ فاروقی، پروفیسر محمد مزمل، پروفیسر عارف سہیل، پروفیسر امان اللہ خاں، انجینئر فیروز احمد، اسد یار خاں، ڈاکٹر افضال احمد، محمد احمد شیون،اطاعت حسین، جاوید سعید، کنور نسیم وارث، راشد مصطفیٰ، انجینئر محمد عفان، سید احمد فیصل، ڈاکٹر اظہار فاروقی، ڈاکٹر نور الکریم خاں سمیت دیگر معزز شخصیات موجود رہیں۔ آخر میں اسد یار خاں کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ