
مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اب واضح طور پر ہندوستانی سنیما کو متاثر کر رہی ہے۔ جہاں حال ہی میں شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کا دبئی شیڈول منسوخ کردیا گیا، وہیں اکشے کمار کی آنے والی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی شوٹنگ کے پلان میں بھی نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میکرز نے دبئی کے بجائے ممبئی میں شوٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے ایک عظیم الشان گانے کی شوٹنگ دبئی میں ہونا تھی تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسے ممبئی منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس گانے میں فلم کی پوری اسٹار کاسٹ شامل ہیں: اکشے کمار، سنیل شیٹی، ارشد وارثی، روینہ ٹنڈن، پریش راول، لارا دتہ، دیشا پٹانی، اور جیکولین فرنینڈس۔ تمام اداکاروں کی تاریخیں طے کرنے میں دشواری کی وجہ سے شوٹنگ ملتوی کرنا ممکن نہیں تھا۔
پروڈیوسر نے متبادل کے طور پر ممبئی میں ایک عظیم الشان سیٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دبئی جیسا ماحول بنانے کے لیے گورگاو¿ں میں مدھ آئی لینڈ، گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو اور فلم سٹی میں بڑے پیمانے پر سیٹ بنائے جائیں گے۔ فلم کے ہدایت کار احمد خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گانے کی شوٹنگ اب ممبئی میں کی جائے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس گانے کی شوٹنگ 15 اپریل سے شروع ہو گی اور اس میں پوری اسٹار کاسٹ نظر آئے گی۔ ویلکم ٹو دی جنگل ایک ملٹی اسٹارر ہے، جو سامعین میں کافی جوش و خروش پیدا کر رہی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم رواں سال سینما گھروں میں ریلیز ہو سکتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی