
حیدرآباد، 31 مارچ (ہ س)۔ تلنگانہ انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے ناگرکُرنول ضلع کے تھِماجی پیٹ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر چلملا ہری پرساد ریڈی کے خلاف رشوت مانگنے اور لینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔ اے سی بی حکام کے مطابق ملزم افسر نے پہلے 5 مارچ کو شکایت کنندہ سے 30 ہزار روپے مانگے اور بعد میں 12 مارچ کو شکایت کنندہ کے چھوٹے بھائی کے خلاف درج مقدمے میں ضبط شدہ گاڑیوں کوچھڑانے کے لیے 20 ہزار روپے بطور جزوی رشوت وصول کی۔ محبُوب نگر رینج میں اے سی بی نے بدعنوانی انسداد قانون کی دفعہ 7(اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اے سی بی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ افسر نے بے ایمانی سے کام کیا اور ذاتی فائدے کے لیے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔ ملزم کوگرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے حیدرآباد کے نامپلی میں ایس پی ای اور اے سی بی معاملات کے پہلے اضافی خصوصی جج کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایس آئی کی گرفتاری کے بعد مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لوگوں نے پٹاخے پھوڑے اور نعرے بازی کی۔ عوام نے الزام لگایا کہ مذکورہ افسر کافی عرصے سے ہراسانی اور غیر قانونی وصولیوں میں ملوث تھا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق