
کھٹمنڈو، 30 مارچ (ہ س)۔ نیپال میں پیر کو مسلسل تیسرے دن بھی کارکنوں اور حامیوں کا احتجاج جاری رہا، جس میں ملک کے سابق وزیر اعظم اور سی پی این (یو ایم ایل) کے چیئرمین کے پی شرما اولی کی گرفتاری کی مخالفت کی گئی۔ سی پی این (یو ایم ایل) نے اپنے احتجاج کو برقرار رکھتے ہوئے الزام لگایا کہ اولی کو سیاسی انتقام کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔ پارٹی کے رہنما، کارکن اور حامی اپنے مظاہرے کرنے کے لیے کھٹمنڈو کے مائیتی گھر میں جمع ہیں۔ قبل ازیں سی پی این (یو ایم ایل) کے سکریٹری مہیش بسنت نے لیڈروں اور کارکنوں سے مائیتی گھر میں ہونے والے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر آمرانہ انداز میں کام کرنے کا الزام لگایا۔
کھٹمنڈو کے مائیتی گھر منڈلا سے شروع ہونے والا یہ احتجاج اب نیو بنیشور میں ایورسٹ ہوٹل کے سامنے کے علاقے تک پہنچ گیا ہے۔ آج کے مظاہرے کا اہتمام پارٹی کی باگمتی یونٹ کی اپیل پر کیا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے انتقام کی سیاست بند کرو اور چیئرمین اولی کو رہا کرو جیسے نعرے لگائے۔
ہفتہ کو اولی کی گرفتاری کے بعد سے پارٹی مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعظم اولی اور اس وقت کے وزیر داخلہ رمیش لیکھک کو ہفتہ کو 'زین جی تحریک کے دوران غیر مسلح طلبہ کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ میں، پولیس، مسلح پولیس فورس، اور فوج کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ اولی اور لیکھک کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ تاہم سیکورٹی فورسز کے خلاف فوری کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد