
تہران،30مارچ(ہ س)۔ایران کے سرکاری انگریزی اخبار ” تہران ٹائمز “ نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید بڑھانے کے لیے ایک کثیر مرحلہ منصوبہ تیار کیا ہے۔
واضح رہے ایران میں جنگ اپنے دوسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے۔ اتوار کو بھی ایرانی شہروں پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا اور اسرائیلی فوج نے ایران سے فائر کیے گئے راکٹوں کا سراغ لگایا۔ یہ جنگ 28 فروری کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں سے شروع ہوئی تھی اور اب پورے مشرقِ وسطیٰ میں پھیل چکی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے عالمی معیشت کو توانائی کی سپلائی میں تاریخ کے بدترین خلل کا سامنا ہے۔یاد رہے امریکی اخبار ” واشنگٹن پوسٹ“ نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینٹاگون ایران میں ہفتوں طویل زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ وائٹ ہاو¿س نے تصدیق کی ہے کہ پینٹاگون صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تمام ضروری آپشنز فراہم کرنے کی تیاری میں ہے۔ امریکی حکام نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ انتظامیہ نے ایرانی جزیرے خارگ پر کنٹرول حاصل کرنے اور آبنائے ہرمز کے قریب ساحلی علاقوں پر حملوں کے امکان پر تبادلہ خیال کیا ہے۔امریکی اخبار نے وائٹ ہاو¿س کے حوالے سے لکھا ہے کہ زمینی کارروائی کے لیے پینٹاگون کی تیاریوں کا مطلب یہ نہیں کہ ٹرمپ نے فیصلہ کر لیا ہے تاہم ایک امریکی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں ممکنہ زمینی کارروائی کی مدت دو ماہ ہو سکتی ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی منصوبوں میں سپیشل آپریشنز اور روایتی پیادہ فوج کے حملے شامل ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ اب بھی غیر یقینی ہے کہ آیا صدر ٹرمپ ان میں سے کسی منصوبے کی منظوری دیں گے یا نہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران میں جنگ کے پانچویں ہفتے میں داخل ہوتے ہی مشرقِ وسطیٰ میں امریکی میرینز تعینات کر دیے ہیں اور امریکی فوج کی 82 ویں ایئر بورن ڈویڑن کے ہزاروں فوجیوں کو خطے میں بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan