
میامی، 29 مارچ (ہ س)۔ میامی اوپن 2026 کے فائنل میں عالمی نمبر 1 آریانا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی کھلاڑی کوکو گاف کو ہفتہ کی رات 2-6، 6-4، 3-6 سے شکست دیکر خطاب اپنے نام کر لیا۔
ڈیفینڈنگ چیمپئن سبالینکا نے اس جیت کے ساتھ تاریخ رقم کر دی اور ’سن شائن ڈبل‘ مکمل کرنے والی دنیا کی پانچویں خاتون کھلاڑی بن گئیں۔ ’سن شائن ڈبل‘ میں انڈین ویلز اوپن اور میامی اوپن دونوں خطاب لگاتار جیتنا شامل ہوتا ہے۔
میچ کی بات کریں تو سبالینکا نے پہلے سیٹ میں 0-2 کی برتری حاصل کرتے ہوئے دبدبہ بنایا اور آسانی سے سیٹ 2-6 سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں گاف نے واحد بریک حاصل کر کے 4-6 سے سیٹ اپنے نام کر کے مقابلے کو فیصلہ کن سیٹ میں پہنچا دیا۔
تیسرے سیٹ میں سبالینکا نے پھر سے کنٹرول حاصل کر لیا۔ انہوں نے ابتدائی گیم میں ہی بریک کیا اور لگاتار شاندار سروس گیم کھیلتے ہوئے 3-5 کی برتری بنائی۔ آخر میں گاف کی بیک ہینڈ غلطی کے ساتھ سبالینکا نے میچ اپنے نام کر لیا۔
پورے میچ میں سبالینکا نے اپنے پہلے سرو پر 73 فیصد پوائنٹس جیتے اور انہیں صرف دو بریک پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص بات یہ رہی کہ وہ فائنل تک ایک بھی سیٹ ہارے بغیر پہنچی تھیں۔
اس کامیابی کے ساتھ سبالینکا نے ایگا سوئیٹیک، وکٹوریہ ازارینکا، کم کلسٹرز اور اسٹیفی گراف جیسے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرا لیا۔
اس کے علاوہ، سبالینکا کا اس سال کا ریکارڈ اب 1-23 ہو گیا ہے۔ ان کی واحد ہار آسٹریلین اوپن 2026 کے فائنل میں ایلینا رائبا کینا کے خلاف آئی تھی، جس کا بدلہ انہوں نے انڈین ویلز فائنل اور میامی سیمی فائنل میں لے لیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن