
بیلاری، 29 مارچ (ہ س)۔
ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلے میں انسپائر انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس (آئی آئی ایس) بیلاری میں ہندوستانی کبڈی کھلاڑیوں کا ایک اعلیٰ کارکردگی کا کیمپ جاری ہے، جہاں کھلاڑیوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
ڈیفنڈر شبھم شندے کے لیے یہ کیمپ نہ صرف باقاعدہ تربیت ہے بلکہ خود کو مزید بہتر کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔ شندے نے حال ہی میں پرو کبڈی لیگ کے 12ویں سیزن میں تیلگو ٹائٹنز کے لیے کھیلاتھا۔
شندے کے مطابق اس کیمپ میں فٹنس ٹیسٹ اور جسمانی فٹنس مشقیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ ٹیسٹ بہت اہم ہیں کیونکہ یہ ہمیں ہماری فٹنس کی سطح کا درست اندازہ لگاتے ہیں، خاص طور پر جب اس سطح پر مقابلہ بہت سخت ہو۔
کیمپ فٹنس کے ساتھ ساتھ لچک اور بحالی پر بھی خصوصی زور دے رہا ہے۔
شندے نے کہا، کھلاڑیوں کے لیے یوگا اور لچک ضروری ہے۔ مسلسل کارکردگی کے لیے پوری طرح فٹ اور لچکدار رہنا ضروری ہے۔
آئی آئی ایس، بیلاری میں دستیاب عالمی معیار کی سہولیات بھی کھلاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تمام تر تربیت، بحالی اور رہائش کی سہولیات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہونے کی وجہ سے کھلاڑی اپنی کارکردگی پر پوری توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔ شندے نے کہا، یہاں کی سہولیات بہترین ہیں۔ ایک جگہ پر ہر چیز دستیاب ہونے سے ہمیں بہت مدد ملتی ہے۔
جیسے جیسے کیمپ آگے بڑھتا ہے اس کی شدت بھی بڑھتی جاتی ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی انتہائی اہم ہو گئی ہے۔ شندے نے کہا، اس طرح کے کیمپ میں، آپ کو پوری طرح تیار ہونا ہوگا اور ہر سیشن میں اپنا 100% دینا ہوگا۔ ہمارا مقصد ہر روز بہتر ہونا اور اپنی کارکردگی کو مسلسل بہتر بنانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ