
حضرت سلیم چشتی فاونڈیشن کے زیر اہتمام حضرت شیخ سلیم چشتی رح کے 456 عرس پر منعقد مشاعرہ میں رکن پارلیمنٹ راج کمار چاہر کی بطور مہمان خصوصی شرکت
نئی دہلی /آگرہ، 27مارچ (ہ س)۔
نئی دہلی: حضرت سلیم چشتی فاونڈیشن کے زیر اہتمام حضرت شیخ سلیم چشتی کے 456 عرس کے موقع پر درگاہ فتح پور سیکری،آگرہ میں رنگ صوفیانہ ''پروگرام کے موقع پر عظیم الشان آل انڈیا مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فتح پور سیکری کے رکن پارلیمنٹ جناب راج کمارچاہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر انھوں نے گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو خاص طور پر تعلیم پر توجہ دینے پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ حضرت شیخ سلیم چشتی ? کی درگاہ سے ہمیشہ امن و بھائی چارہ کا پیغام ملتا ہے جسے آج کے وقت میں عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
تقریبات کی صدارت درگاہ کے سجادہ نشین پیر زادہ ارشد فریدی چشتی نے کی۔ انھوں نے کہا کہ رنگ صوفیانہ کا مقصد چشتی صوفیانہ کلام کی خصوصیت اخوب حب الوطنی عام کرنا ہے، ہندوستان کی سرزمین پر چشتیہ سلسلہ کے بزرگ موسیقی سے عشق الہی کو فروغ دیتے آئے ہیں حضرت شیخ سلیم چشتی قد س سرہ کی درگاہ دنیا بھر میں محبت اور صوفیانہ تعلیم کے لیے مشہور ہے اسی پیغام کو ایک نئے ذوق اور جوش کے ساتھ رنگ صوفیانہ میں روحانی تازگی اور عشق حقیقی کے جزبہ کو تحریک دینے کے لیے منعقد کیا گیا۔
اینکر شاذیہ علیم نے شاعروں کو اپنی جادوئی آواز سے متعارف کروایا۔ مشاعرہ میں عالمی شہرت یافتہ شاعرہ ڈاکٹر منظر بھوپالی کے علاوہ ڈاکٹر ماجد دیوبندی، جناب معین شاداب، محترمہ وسیم راشد، ڈاکٹر مہتاب عالم، ڈاکٹر ممتاز عالم رضوی، جناب عمر اظہر،جناب امیر اکبرآبادی،جناب النکرت شریواستو، جناب ابھشیک تیواری ملک، ڈاکٹر اندو گپتا، میناکشی ججویشا، بسمل فتح پوری، نظر فتح پوری اور پیکر نے اپنا کلام پیش کیا۔مندرجہ ذیل اشعار پیش خدمت ہیں:
تو گرے بجلی اب کہاں کہاں دیکھیں گے
شاخ شاخ پر ہم بھی آشیاں بنائیں گے
منظر بھوپالی
اللہ میرے رزق کی برکت نہ چلی جائے
دو روز سے گھر میں کوئی مہمان نہیں ہے
ماجد دیوبندی
دفتر وزیر کا ہو نہ دربارِشاہ ہو
فریاد کرنے والو کوئی خانقاہ ہو
معین شاداب
دل بھی توڑا تو سلیقہ سے نہ توڑا تونے
بے وفائی کے بھی آداب ہوا کرتے ہیں
ڈاکٹر مہتاب عالم
ہاں سلیم چشتی کا عرس ہم مناتے ہیں
رنگ صوفیانہ سے محفلیں سجاتے ہیں
ڈاکٹر ممتاز عالم رضوی
مجھے پھول و خوشبو کی چاہت نہیں ہے
محمد کا مجھ کو پسینہ بنا دے
ابھیشک تیواری
مٹائے مٹ نہیں پاتا ترا نام ایسے انکت
بھلانے پر بھی یاد آئے یہ میریدل کی حسرت ہے
ڈاکٹر اندو گپتا
تقریب کی نظامت معین شاداب نے کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan