
سیوان میں آپسی رنجش میں فائرنگ، دو افراد زخمی، اسلحہ کے ساتھ ایک گرفتارسیوان، 27 مارچ (ہ س)۔ سیوان ضلع کے برہڑیا تھانہ علاقہ کے لکڑی درگاہ کے قریب جمعرات جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے آپسی رنجش کو لیکر فائرنگ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ شدید طور سے زخمی روہت کمار ولد وریندر پرساد اوراشرف علی ولد شہراب علی دونوں ساکن لکڑی درگاہ تھانہ برہڑیا کو صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایس پی پورن کمار جھا نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ شام 7 بجے لکڑی درگاہ کے قریب پرانی دشمنی پر دو فریق کے درمیان مارپیٹ ہوئی۔ اس دوران ایک فریق نے دوسرے فریق پر فائرنگ کر دی، جس سے دو لوگ زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی برہڑیا تھانہ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال پہنچایا، جہاں ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم محمد نظام ولد احمد حسن ساکن لکڑی درگاہ، برہڑیا تھانہ کے تحت جائے وقوعہ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزم سے دیسی ساختہ پستول اور ایک عدد کارتوس برآمد کر لیا۔ایس پی نے بتایا کہ برہڑیا تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan