
ممبئی ، 27 مارچ (ہ س) لاک ڈاؤن اور ایندھن کی قلت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کے درمیان وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے جمعہ کو واضح کیا کہ ایسی غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں نہ تو لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ایندھن کی کوئی قلت ہے، اس لیے شہری گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور معمول کے مطابق ہی پیٹرول اور ڈیزل حاصل کریں۔
فڑنویس کے مطابق ملک کے پاس تقریباً ایک ماہ کا ایندھن کا ذخیرہ موجود ہے اور بھارتی حکومت نے سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری خریداری سے مصنوعی قلت پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل پر ایکسائز ختم کر دی گئی ہے تاکہ عوام کو راحت فراہم کی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر لاک ڈاؤن یا ایندھن کی قلت سے متعلق غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ پڑوسی ممالک میں ایندھن کی کمی کے باعث صورتحال سنگین ہو چکی ہے، لیکن بھارت میں بہتر انتظام اور منصوبہ بندی کے ذریعے سپلائی کو مستحکم رکھا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے