
جموں, 27 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو آرمی گڈول اسکول سوجیاں، پونچھ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی، جو آپریشن سدبھاونا کے تحت جموں و کشمیر انٹیگریشن ٹور پر جموں آئے ہوئے ہیں۔یہ دورہ وائٹ نائٹ کور کے آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد سرحدی اور دور دراز علاقوں کے بچوں میں قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور ان کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر بھارتی فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کی ذہنی نشوونما اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دورے پر آئے 33 طلبہ پر مشتمل اس وفد کے ساتھ اساتذہ اور فوجی اہلکار بھی موجود تھے، جنہوں نے دورے کے دوران اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔
حکام کے مطابق اس ٹور کا مقصد سرحدی علاقوں کے بچوں کو مختلف ثقافتی، سماجی اور ادارہ جاتی ماحول سے روشناس کرانا، ان کے علم میں اضافہ کرنا اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا ہے۔دورے کے دوران طلبہ نے پونچھ، راجوری، جموں اور سری نگر کا دورہ کیا، جہاں انہیں مختلف اداروں اور ماحول کا مشاہدہ کرایا گیا۔اس موقع پر طلبہ کو پہلی بار ریل سفر، شہری مراکز، ایئر فورس اسٹیشن جموں اور فوجی طرز زندگی کا تجربہ حاصل ہوا، جس سے ان کے اعتماد اور سوچ میں مثبت تبدیلی آئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر