
شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار میں زبردست تیزی کا رجحان، سینسیکس اور نفٹی میں اضافہ
نئی دہلی، 25 مارچ (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں امن قائم ہونے کی امید کے سبب گھریلو شیئر بازار سے آج مضبوطی کے اشارے مل رہے ہیں۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی تیزی کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی چال میں اور تیزی آگئی۔ صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 1.56 فیصد اور نفٹی 1.70 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
آج صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے شری رام فائنانس، ٹرینٹ لمیٹڈ، اڈانی پورٹس، گراسم انڈسٹریز اور اڈانی انٹرپرائز کے شیئر 4.31 فیصد سے لے کر 3.12 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ٹیک مہندرا، انفوسس، کول انڈیا اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجی کے شیئر 2.21 فیصد سے لے کر 0.19 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,786 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 2,565 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 221 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 28 شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب دو شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 46 شیئر سبز نشان میں اور چار شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 583.56 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 74,652.01 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہوتے ہی خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس سے اس انڈیکس کی چال میں تیزی آگئی۔ حالانکہ درمیان درمیان میں منافع وصولی کے باعث فروخت کے معمولی جھٹکے بھی لگتے رہے۔ اس کے باوجود خریداری کے زور کی وجہ سے اس انڈیکس کی چال پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 1,157.97 پوائنٹس کی سبقت کے ساتھ 75,226.42 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 152 پوائنٹس اچھل کر 23,064.40 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلتے ہی خریداروں نے مورچہ سنبھال لیا اور چوطرفہ خریداری شروع کر دی۔ مسلسل ہو رہی خریداری کے سبب اس انڈیکس کی رفتار بھی لگاتار بڑھتی گئی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد نفٹی 388.80 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 23,301.20 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن