
سیزن کے اختتام پر محمد صلاح لیورپول چھوڑیں گے، جذباتی پیغام میں اعلان کیا
نئی دہلی، 25 مارچ (ہ س)۔ محمد صلاح نے منگل کو بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ سیزن کے اختتام پر لیورپول فٹ بال کلب چھوڑ دیں گے۔ صلاح نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ ایک ویڈیو میں اپنے الوداعی پیغام کی شروعات کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی۔ 33 سالہ صلاح نے کہا، ’’بدقسمتی سے وہ دن آ گیا ہے۔ یہ میری الوداعی تقریب کا پہلا حصہ ہے۔ میں اس سیزن کے اختتام پر لیورپول چھوڑ دوں گا۔‘‘ انہوں نے کلب، شہر اور شائقین کے ساتھ اپنے گہرے تعلق کو یاد کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا اہم حصہ قرار دیا۔
صلاح لیورپول کی تاریخ میں تیسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 435 میچوں میں 255 گول کیے ہیں اور اس فہرست میں صرف ایان رش اور راجر ہنٹ ان سے آگے ہیں۔ 2017 میں کلب سے وابستہ ہونے کے بعد انہوں نے دو پریمیئر لیگ خطاب، چیمپئنز لیگ، ایف اے کپ، سپر کپ، کلب ورلڈ کپ اور لیگ کپ جیسے کئی بڑے اعزازات جیتے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ کلب اور یہاں کے لوگ ان کی زندگی کا اتنا بڑا حصہ بن جائیں گے۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے بہترین اور مشکل وقت میں ملنے والی حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ محمد صلاح نے یہ بھی کہا کہ لیورپول ہمیشہ ان کے دل میں رہے گا اور یہ کلب ان کے لیے گھر جیسا رہے گا۔
انہوں نے جذباتی الفاظ میں کہا، ’’یہاں سے جانا آسان نہیں ہے، لیکن میں ہمیشہ اس کلب کا حصہ رہوں گا۔‘‘ قابلِ ذکر ہے کہ صلاح نے 20-2019 کے سیزن میں لیورپول کو 30 سال بعد لیگ خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ تاہم، گزشتہ سال نومبر میں کلب کے کوچ آرنے سلاٹ کے ساتھ اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جس نے ان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مزید تیز کر دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن