
منی پور کے اکھرل میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بنکر تباہ کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
اکھرل، 25 مارچ (ہ س)۔ منی پور کے اکھرل ضلع میں امن کی بحالی کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے منگل کو لیتان تھانہ علاقے کے تحت مختلف مقامات پر وسیع تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران کئی بنکروں کو تباہ کر دیا گیا اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے آج بتایا ہے کہ، یہ مہم لینگیانگ چنگ اور مونگ کٹ چیپو گاوں سمیت کئی حساس علاقوں میں ایک ساتھ چلائی گئی۔ یہاں دونوں برادریوں کی جانب سے بنائے گئے قلعہ نما بنکروں کی نشاندہی کر کے منظم طریقے سے انہیں تباہ کر دیا گیا، جنہیں حالیہ تنازعات میں استعمال کیا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز کو بڑی تعداد میں استعمال شدہ کارتوس بھی ملے، جو علاقے میں پہلے ہوئے تصادم کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ حکام کا ماننا ہے کہ ان بنکروں کو تباہ کرنا تناو کم کرنے اور مستقبل میں کسی بھی مسلح جھڑپ کو روکنے کی سمت میں اہم قدم ہے۔
مہم کے بعد علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں کافی کمی درج کی گئی ہے، جس سے صورتحال میں بہتری کے اشارے ملے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے حساس علاقوں میں مسلسل گشت اور تزویراتی تعیناتی کے ذریعے علاقے میں مضبوط کنٹرول قائم کر لیا ہے۔
یہ کارروائی منی پور کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں معمول کی صورتحال بحال کرنے کے لیے انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ حکام نے امن برقرار رکھنے اور کسی بھی قسم کے تشدد کو روکنے کے لیے چوکسی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن