
نئی دہلی، 25 مارچ (ہ س): سپریم کورٹ میں پریکٹس کرنے والے وکلاءکے لئے فلاحی فنڈ قائم کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت، بار کونسل آف آل انڈیا (بی سی آئی)، بار کونسل آف دہلی (بی سی ڈی) اور سپریم کورٹ کے سکریٹری جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ وکلاءکے لیے اس طرح کے فنڈ کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔
یہ درخواست سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) نے دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران، ایس سی بی اے کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ وکاس سنگھ نے دلیل دی کہ ایڈوکیٹ ویلفیئر ایکٹ میں تکنیکی خامی ہے جو سپریم کورٹ میں پریکٹس کرنے والے وکلاءکو مناسب فوائد حاصل کرنے سے روکتی ہے۔ فی الحال، قانون کا انتظام ریاستی بار کونسلوں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس فلاحی اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے، ایک وکیل کا ریاستی بار ایسوسی ایشن کا رکن ہونا ضروری ہے، جبکہ ایس سی بی اے کو ایکٹ کے تحت آزاد حیثیت حاصل نہیں ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں دائر وکالت نامہ کے ذریعے جمع ہونے والی رقوم بی سی ڈی میں جاتی ہیں۔ اس سے دہلی میں پریکٹس کرنے والے وکلاءکے لیے ان کی آبائی ریاستوں کی بار کونسلوں سے دور ایک بحران پیدا ہوتا ہے۔ ان وکلاءکے پاس طبی ایمرجنسی یا دیگر غیر متوقع مالی بحران کی صورت میں کوئی ٹھوس سیکورٹی نہیں ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے عندیہ دیا کہ سپریم کورٹ رولز 2013 میں ترمیم کرکے اور ایک نیا رول شامل کرکے اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی