کرناٹک کی مالی حالت قابو میں ، لیکن مرکزکی پالیسیوں سے چیلنجز میں اضافہ: سدار میا
بنگلورو، 25 مارچ (ہ س)۔ کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰسدار میا نے بدھ کو کہا کہ ریاست کی مالی صورتحال قابو میں ہے، لیکن مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ک
کرناٹک کی مالی حالت قابو میں ، لیکن مرکزکی پالیسیوں سے چیلنجز میں اضافہ: سدار میا


بنگلورو، 25 مارچ (ہ س)۔

کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰسدار میا نے بدھ کو کہا کہ ریاست کی مالی صورتحال قابو میں ہے، لیکن مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2025-26 کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مطابق کرناٹک کا مالیاتی خسارہ 2.95 فیصد ہے، جو مہاراشٹرا (3.0 فیصد)، آندھرا پردیش (4.5 فیصد)، کیرالہ (3.8 فیصد) اور تمل ناڈو (3.5 فیصد) سے کم ہے۔

محصولاتی خسارے پر، انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال تقریباً تمام ریاستوں میں موجود ہے، حالانکہ کرناٹک اور مہاراشٹر میں یہ نسبتاً کم ہے۔

اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سدار میا نے کہا کہ بجٹ میںنظرثانی کو ریوینیو کلیکشن میں کمی سے جوڑنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پڑوسی ریاستوں میں بھی حقیقی ریوینیو کلیکشن اندازے سے کم رہی ہے۔

اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں نظر ثانی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس نے ریاست کی آمدنی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پہلے، ماہانہ جی ایس ٹی کی وصولی تقریباً 10 فیصد بڑھ رہی تھی، لیکن اب یہ گھٹ کر 4 فیصد رہ گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں 2025-26 میں تقریباً 10,000 کروڑ روپے اور 2026-27 میں 15,000 کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رواں مالی سال میں ریوینیو خسارہ 22,957 کروڑ روپے رہنے کی توقع ہے۔

وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں تبدیلی سے عام لوگوں کو متوقع فوائد نہیں ملے، بلکہ اس سے بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچا۔

ریاست کی کل آمدنی میں اضافے کا تخمینہ لگاتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ پچھلے سال کے 2.92 لاکھ کروڑ سے 3.15 لاکھ کروڑ تک پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ٹیکسوں میں اپنے حصہ میں کمی پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ 14ویں مالیاتی کمیشن میں ریاست کا حصہ 4.713 فیصد تھا جسے 15ویں مالیاتی کمیشن میں کم کر کے 3.647 فیصد کر دیا گیا۔ 16ویں مالیاتی کمیشن نے 4.131 فیصد حصہ دینے کی سفارش کی جسے انہوں نے ناکافی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو 2019 اور 2022 کے درمیان مرکز سے 57,351 کروڑ کا جی ایس ٹی معاوضہ ملا، لیکن اسے 2023 سے بند کر دیا گیا۔ 2017 میں جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سے ریاست کو 2 لاکھ کروڑ سے زیادہ کا مجموعی نقصان ہوا ہے۔

اخیر میں، وزیر اعلیٰ نے کہا، ان تمام چیلنجوں کے باوجود، ہم ریاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande