ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت، بوشہر ایٹمی پلانٹ کے قریب گولہ باری
تہران،25مارچ(ہ س)۔ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ایران نے اسے مطلع کیا ہے کہ ایک گولہ بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے قریبی علاقے میں گرا ہے۔ عالمی ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ ایرانی حکام کے مطابق اس گول
ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت، بوشہر ایٹمی پلانٹ کے قریب گولہ باری


تہران،25مارچ(ہ س)۔ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ایران نے اسے مطلع کیا ہے کہ ایک گولہ بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے قریبی علاقے میں گرا ہے۔ عالمی ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ ایرانی حکام کے مطابق اس گولہ باری سے تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی عملہ زخمی ہوا ہے، جبکہ ہسپتال یا کسی ہنگامی امداد کی ضرورت نہیں پڑی اور پلانٹ میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے تنازعے کے دوران ایٹمی سلامتی کے خطرات سے بچنے کے لیے فریقین سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل دہرائی ہے۔ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل نے منگل کے روز ایران میں بوشہر ایٹمی تنصیب کے گرد و نواح میں حملہ کیا ہے۔ ان رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ حملے میں تنصیب کے قریبی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم نقصانات کی سرکاری تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔فوجی کارروائیوں میں اضافے کے تناظر میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے اندر بیلسٹک میزائلوں کے لانچ پیڈز اور ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔ دوسری جانب لبنان سے اسرائیل کے اندرونی علاقوں پر میزائلوں کی نئی لہر داغی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فضائیہ کے طیاروں نے مغربی ایران میں بیلسٹک میزائل کے اس لانچنگ پیڈ کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جو اسرائیل پر حملے کے لیے تیار تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی اسرائیل سے موصولہ ویڈیوز میں ایمبولینسوں کو زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ طبی عملے نے لبنان سے ہونے والی میزائل باری میں ایک خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیل کی مرکزی امدادی تنظیم 'ڈیوڈ اسٹار کریسنٹ' نے بیان میں کہا ہے کہ وادی الحولہ میں ایک تیس سالہ خاتون بے ہوشی کی حالت میں ملی ہیں جنہیں شدید چوٹیں آئی تھیں، جبکہ دو دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس کارروائی سے کچھ دیر قبل لبنان سے درجنوں میزائل داغے گئے تھے۔ادھر ایرانی میڈیا نے شیراز میں نئے دھماکوں کی اطلاع دی ہے، جہاں جنوبی ایران میں واقع شیراز کی ساتویں ایئر بیس کو کم از کم پانچ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل بوشہر میں ایرانی فوج کی نیول بیس پر بھی فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہاں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ ایرانی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ اصفہان میں وزارت دفاع کی الیکٹرونک انڈسٹریز کی عمارت کو امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ غارت گری کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی فوج نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ موجودہ فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک اس کی فضائیہ ایران میں 3000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنا چکی ہے اور یہ حملے بلا تعطل جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کے پریس آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز تہران پر ایک اور وسیع البنیاد حملہ کیا گیا جس میں درجنوں لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس کمانڈ سینٹرز اور ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے ہیڈ کوارٹر سمیت اہم فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ 28 فروری سنہ 2025ئ سے شروع ہونے والے امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد سے ایرانی شہروں بالخصوص دارالحکومت تہران پر تقریباً روزانہ بمباری ہو رہی ہے۔ ان حملوں میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای سمیت کئی اعلیٰ حکام جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں جبکہ خلیج میں امریکی مفادات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande