
بیروت،25مارچ(ہ س)۔لبنانی وزارتِ صحت نے بدھ کی علی الصبح اعلان کیا کہ جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 دیگر زخمی ہو گئے۔وزارتِ صحت کے مطابق صیدا کے علاقے عدلون پر ایک اسرائیلی حملے میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔اسی ضلع میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ ''المیہ و میہ'' میں ایک رہائشی فلیٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حبوش کے علاقے میں ایک اور فضائی حملے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم اس سے قبل اس نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے (ضاحیہ) پر ممکنہ حملے کی وارننگ جاری کی تھی اور 7 محلوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی تھی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ فوج حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنا رہی ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے فوراً علاقہ خالی کر دیں۔لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقوں کفرہ، حبوش، عربصالیم اور کفر دونین کو بھی نشانہ بنایا۔دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کی جانب سے نامزد ایرانی سفیر محمد رضا شیبانی کی منظوری واپس لینے اور انہیں ملک چھوڑنے کے لیے مہلت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan