
ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس آج مغربی ایشیا کے خطے سے 26 پروازیں چلائیں گی
نئی دہلی، 25 مارچ (ہ س)۔ ٹاٹا کی قیادت والی ایئر لائن ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس مل کر آج مغربی ایشیا کے خطے سے آنے اور جانے والی کل 26 شیڈول اور غیر شیڈول پروازیں چلائیں گی۔ یہ معلومات ایئر انڈیا نے ’’ایکس‘‘ پوسٹ میں دی ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ دونوں ایئر لائنز جدہ کے لیے اپنی اپنی طے شدہ خدمات جاری رکھیں گی، ہندوستان اور جدہ کے درمیان کل 8 پروازیں ہوں گی۔
ایئر لائن کے مطابق، ان میں سے ایئر انڈیا دہلی اور ممبئی سے ایک ایک واپسی پرواز چلائے گی، جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کوزی کوڈ اور منگلور سے ایک ایک پرواز چلائے گی۔ اس کے علاوہ، ایئر انڈیا ایکسپریس مسقط کے لیے 4 شیڈول پروازیں چلائے گی، جن میں دہلی اور ممبئی سے پروازیں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بنگلورو اور کوزی کوڈ سے ریاض کے لیے چار شیڈول پروازیں بھی چلائے گی۔ ایئر انڈیا ریاض اور ممبئی کے درمیان 2 شیڈول پروازیں بھی چلائے گی۔ باقاعدہ خدمات کے علاوہ، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آنے اور جانے والی کل 8 غیر مستقل پروازیں چلائیں گی، جو اس وقت روانگی کے اسٹیشنوں پر دستیاب سلاٹ اور دیگر رائج حالات پر منحصر ہوں گی۔
کمپنی کے مطابق، یہ تمام پروازیں متعلقہ بھارتی اور مقامی ریگولیٹری حکام سے ضروری اجازت کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں۔ شمالی امریکہ، یورپ، آسٹریلیا اور دیگر خطوں سے آنے اور جانے والی ایئر انڈیا کی پروازیں مقررہ وقت پر چلتی رہیں گی۔ جن مسافروں نے ان راستوں پر سفر کے لیے بکنگ کی ہے، جہاں ایئر انڈیا گروپ کی باقاعدہ خدمات عارضی طور پر معطل ہیں، وہ بغیر کسی اضافی چارج کے مستقبل کی تاریخ کے لیے بکنگ کرا سکتے ہیں یا مکمل رقم کی واپسی (ریفنڈ) کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
ایئر انڈیا نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ یا منسوخی کی درخواستیں ایئر لائن کی ویب سائٹ پر کریں۔ مزید معلومات کے لیے 911169329333 + یا 911169329999 + نمبروں پر رابطہ کریں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کے جن مسافروں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کسی بھی اسٹیشن سے سفر کے لیے بکنگ کرائی ہے، وہ یو اے ای کے کسی بھی اسٹیشن سے ہندوستان کے کسی بھی مقام تک جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی اضافی کمرشل پروازوں پر بغیر کسی اضافی چارج کے اپنی پروازیں آسانی سے دوبارہ بک کر سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن