
جارجیا وول کی طوفانی سنچری کی بدولت تیسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 40 رنوں سے ہرایا
۔ تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 0-3 سے کیا کلین سویپ
سینٹ ونسنٹ، 24 مارچ (ہ س)۔ آسٹریلیا کی خاتون کرکٹ ٹیم نے جارجیا وول کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پیر (ہندوستانی وقت کے مطابق منگل) کو شکست دیکر تین میچوں کی ٹی 20 سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔ بارش سے متاثرہ اس مقابلے میں آسٹریلیا نے ڈک ورتھ-لیوس قانون کے تحت 40 رن سے جیت درج کی۔
جارجیا وول نے 52 گیندوں میں اپنی پہلی ٹی 20 بین الاقوامی سنچری بنائی۔ ان کی اس اننگز میں 6 چھکے شامل رہے۔ وول کی اس دم دار بلے بازی کے دم پر آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 211 رن بنائے، جو 2023 کے بعد ان کا سب سے بڑا ٹی 20 اسکور اور مجموعی طور پر پانچواں سب سے بڑا اسکور ہے۔ وول اب ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے لیے ٹی 20 میں سنچری لگائی ہے، جس میں میگ لیننگ، بیتھ مونی اور الیسا ہیلی جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ ٹیم کے لیے دوسرے سب سے زیادہ رن سوفی مولینکس نے بنائے، جنہوں نے 12 گیندوں میں 25 رن کی تیز اننگز کھیلی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات ایک بار پھر خراب رہی اور ٹیم نے پاور پلے میں ہی 3 وکٹ گنوا دیے۔ آسٹریلیا کی گیند بازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم جدوجہد کرتی نظر آئی اور بارش ہونے تک وہ ڈی ایل ایس ہدف سے کافی پیچھے تھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے لوسی ہیملٹن نے ٹی 20 بین الاقوامی میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی، جبکہ ایلس پیری نے بھی طویل عرصے بعد اس فارمیٹ میں وکٹ لی۔
اس میچ میں جارجیا وول نے گیند بازی میں بھی ہاتھ آزمایا اور بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار اوور ڈالا۔ وہیں نائب کپتان تاہلیا میک گرا اس میچ میں کچھ خاص نہ کر سکیں اور سستے میں آوٹ ہو گئیں۔ ویسٹ انڈیز کے لیے ہیلے میتھیوز نے گیند بازی میں 3 وکٹ ضرور لیے، لیکن بلے بازی میں ٹیم کو اچھی شروعات نہیں مل سکی۔ اب یہ دورہ ون ڈے سیریز کی جانب بڑھے گا، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز سینٹ کٹس میں جمعہ سے شروع ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن