
بگوٹا (کولمبیا)، 24 مارچ (ہ س)۔ جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں ایک فوجی طیارے کے حادثے میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کولمبیا کی مسلح افواج کے سربراہ نے یہ اطلاع دی ہے۔ کولمبیا کی فضائیہ کے کمانڈر فرنینڈو سلوا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اشتراک کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ لاک ہیڈ مارٹن ہرکولیس سی -130 طیارے میں 114 مسافر اور عملے کے 11 ارکان سوار تھے۔ حادثے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔ وزیر دفاع پیڈرو انلفو سانچیز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ معلومات اسکائی نیوز کی ایک رپورٹ میں دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع پیڈرو انولفو سانچیز نے متاثرہ خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری معلومات کے دستیاب ہونے تک کسی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ کولمبیا نے سی -130 طیاروں کی خریداری 1960 کی دہائی میں شروع کی تھی۔
صدر گستاو پیٹرو نے ان لوگوں پر تنقید کی جو فوج کو جدید بنانے کے ان کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈال رہے تھے۔ پیٹرو نے ایکس پر کہا کہ” اب میں مزید تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ہمارے نوجوانوں کی زندگیاں داو¿ پر لگی ہوئی ہیں۔ اگر شہری یا فوجی اہلکار اس چیلنج کو پورا کرنے میں ناکام ہیں تو انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جانا چاہیے۔“
حکام نے بتایا کہ طیارے نے کولمبیا کے جنوبی امیزن علاقے کے اندرونی حصے میں واقع ایک ہوائی اڈے سے اڑان بھری۔ یہ ہوائی اڈہ پیرو کی سرحد پر واقع ہے ۔ مقامی بلو ریڈیو کے مطابق یہ حادثہ ایک مصروف شہری مرکز سے صرف دو میل کے فاصلے پر پیش آیا۔
یہ طیارہ دنیا بھر کی فوجیں استعمال کرتی ہیں۔ اسے پہلی بار 1950 کی دہائی میں متعارف کرایا گیا تھا۔ کولمبیا نے اپنا پہلا ورژن 1960 کی دہائی کے آخر میں حاصل کیا۔ گزشتہ ماہ بولیوین ایئر فورس کا ایک سی -130 طیارہ آلٹو شہر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سال کولمبیا میں یہ دوسرا طیارہ حادثہ ہے۔ جنوری میں ملک کے شمالی حصے میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار تمام 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد