
واشنگٹن،22مارچ(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے اگلے 48 گھنٹوں میں جہاز رانی کے لیے آبنائے ہرمز دوبارہ نہ کھولی تو اس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا جائے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مرحلہ وار ایران کے مختلف بجلی گھروں کو نشانہ بنا سکتا ہے اور ابتدا ملک کے سب سے بڑے بجلی گھر سے کی جائے گی۔امریکی صدر کے اس بیان پر ایران نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا قدم اٹھایا گیا تو مشرق وسطیٰ میں امریکا کے توانائی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔ایک اور بیان میں ٹرمپ نے ایک امریکی اخبار کے رپورٹر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے اور اس کی قیادت کو ختم کر دیا گیا، اس کے باوجود یہ تاثر دینا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا، درست نہیں۔واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیاں ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں اور آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے ممالک کو اپنی حفاظت خود یقینی بنانی چاہیے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan