
امپھال، 21 مارچ (ہ س)۔ منی پور کے اکھرول-کانگپوکپی ضلع کے سرحدی علاقے میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت دو عام شہری شدید زخمی ہو گئے۔
ایہانگ-بُنگپی ورکنگ کمیٹی اور کوکی سول سوسائٹی آرگنائزیشن (سی ایس او) ورکنگ کمیٹی (اکھرول) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ مشتبہ تانگکھل شدت پسندوں نے آج صبح (ہفتہ) دو مرتبہ فائرنگ کی۔ پہلا واقعہ علی الصبح شانگکھائی گاؤں میں اور دوسرا لیپلین-ٹنگپیبُنگ روڈ پر پیش آیا۔
سب سے سنگین واقعہ صبح تقریباً 9:30 بجے پیش آیا۔ اس وقت ٹنگپیبُنگ سے لیپلین جا رہا ایک آٹو رکشہ ساناکیتھیل کی سمت سے خودکار ہتھیاروں کی فائرنگ کی زد میں آ گیا۔ اس سے آٹو رکشہ گولیوں کا نشانہ بن گیا اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جسے کمر میں گولی لگی ہے۔ دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل، صبح تقریباً 5:15 بجے مشتبہ شدت پسندوں نے شانگکھائی گاؤں کی طرف 3 سے 4 راؤنڈ فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایہانگ-بُنگپی ورکنگ کمیٹی نے صبح 9:30 بجے ہونے والے اس واقعے کو نہتے عام لوگوں پر منصوبہ بند حملہ قرار دیا۔
دوسری جانب، کوکی سی ایس او ورکنگ کمیٹی (اکھرول) نے ان واقعات کی سخت مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب تھینگکھنگ بائٹے اور تھانگبوئیمانگ لونگکِم کی موت کا غم ابھی کم نہیں ہوا تھا۔ کمیٹی نے کہا کہ انہوں نے انتظامیہ کے اعتماد پر 20 مارچ کو بند واپس لے کر تعاون کیا تھا۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ قصورواروں کی شناخت کر کے انہیں سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد