
علی گڑھ،20 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے شعبہ پیریوڈونٹولوجی و کمیونٹی ڈینٹسٹری سے وابستہ پروفیسر نریندر دیو گپتا کو تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر گپتا کو پیریوڈونٹکس کے شعبے میں تدریس کا 26 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ سن 2002 سے اے ایم یو میں بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل پی جی آئی ایم ایس، روہتک میں بھی مختلف تدریسی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ایک ممتاز ڈاکٹر اور ماہر تعلیم کی حیثیت سے پروفیسر گپتا نے قومی و بین الاقوامی جرائد میں متعدد تحقیقی مقالات شائع کیے ہیں اور ڈنٹسٹری ریسرچ، کلینیکل پریکٹس اور تعلیم و تربیت میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن اور انڈین سوسائٹی آف پیریوڈونٹولوجی سمیت کئی پیشہ ورانہ تنظیموں کے رکن ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح کی معروف ڈینٹل تنظیموں کی جانب سے فیلوشپس بھی حاصل ہو چکی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ