
حیدرآباد،19 ۔ مارچ (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے چیف سکریٹری تلنگانہ کے رام کرشنا راؤ کی میعاد میں تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔ مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کو اطلاع دی گئی۔ تلنگانہ حکومت نے رام کرشنا راؤ کی میعاد میں تین ماہ کی توسیع کی اجازت طلب کی تھی جسے مرکز نے منظوری دے دی ۔
رام کرشناراؤ کی میعاد میں یہ دوسری مرتبہ توسیع کی ہے ۔ انہوں نے 30 اپریل 2025 کو چیف سکریٹری کے عہدہ کا جائزہ لیا تھا اور ان کی سبکدوشی 30 اگست 2025 کو تھی ۔ تلنگانہ حکومت کی درخواست پر مرکز نے رام کرشنا راؤ کی میعاد میں یکم ستمبر 2025 سے 7 ماہ کی توسیع دی ۔ رام کرشنا راؤ 7 ماہ کی توسیعی مدت کی تکمیل پر 31 مارچ کو سبکدوش ہونے والے تھے لیکن تنلگانہ حکومت نے انتظامی بنیادوں پر مزید تین ماہ کی توسیع طلب کی ۔ مرکزی حکومت نے تین ماہ کی توسیع کو منظوری دے دی ہے جس کے تحت رام کرشنا راؤ جون 2026 تک عہدہ پر برقرار رہیں گے۔
1991 آئی اے ایس بیاچ کے رام کرشنا راؤ نے کئی عہدوں پر خدمات انجام دیں جن میں پرنسپل سکریٹری ، فینانس شامل ہیں ، وہ محکمہ فینانس میں طویل عرصہ تک خدمات کا اعزاز رکھتے ہیں۔ دوسری طرف تلنگانہ کے مستقل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر سی وی آنند کے انتخاب کا امکان ہے۔ یونین پبلک سرویس کمیشن نے جن تین ناموں کی سفارش کی ہے ، ان میں 1991 بیاچ کے سی وی آنند سرفہرست ہیں جو فی الوقت ہوم سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق