
پٹنہ، 2 مارچ (ہ س)۔بہار میں گزشتہ روز سرائے تھانہ علاقے کے انور پور گاؤں میں دل دہلا دینے والا واقعہ ہوا، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ یہاں ایک گھر کے آنگن میں بنے سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 لوگوں کی موت ہوگئی۔ متوفیوں میں باپ، بیٹا اور دو بھائی شامل ہیں۔ حادثے کی خبر نے علاقے کو غمزدہ کردیا ہے۔ پولیس اب اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوارکے روز ویشالی ضلع کے سرائے تھانہ علاقہ کے انور پور گاؤں کے رہنے والے آنند کمار کے گھر ٹینک کی صفائی شروع ہوئی۔ آنند کا بیٹا پریانشو پہلے اندراُترا۔ جب کافی دیر تک وہ باہر نہیں نکلا تو اس کے والد آنند اندر گئے، جب وہ بھی باہر نہیں آئے تو آنند کے دونوں بھائی پنکج اور راہل انہیں بچانے کے لیے اندر اترے لیکن وہ بھی بے ہوش ہو کر گرگئے۔بتایا جاتا ہے کہ 3 دیگر گاؤں والے اجے، سجیت اور درگیش جنہوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی وہ بھی زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے۔ ٹینک کے اندر کل 7 لوگ پھنس گئے۔ اس حادثے سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر فائٹرز موقع پرپہنچے اورمقامی لوگوں کی مدد سے گھنٹوں مشقت کرکے سبھی کو ٹینک سے نکالا۔فائرآفیسرمنٹو کمار سنگھ نے بتایا کہ فائر فائٹر نے بی اے سیٹ (ریسپیریٹر) کا استعمال کرتے ہوئے رسی چیئر نیٹ بناکر سبھی کو باہر نکالا۔ ٹیم میں فائر مین محمد ارمان علی، اسسٹنٹ فائر افسر منٹو کمار سنگھ، سنیل کمار، فائر مین منی کانت کمار، پرکاش کمار، نتیش کمار اور سیما کماری شامل تھے۔سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے بے ہوش لوگوں کو سرائے تھانہ کی پولیس صدر اسپتال لے کرپہنچی۔ بیک وقت 3 لوگوں کوایمرجنسی روم میں لائے جانے سے افراتفری مچ گئی۔ ڈاکٹروں اور ہیلتھ عملہ نے ان کا علاج شروع کر دیا لیکن جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ لال گنج ریفرل اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد صدر اسپتال لائے گئے پنکج کمار کو بھی ڈاکٹر نے مردہ قرار دے دیا۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور عزیز و اقارب پہنچ گئے۔ جن کا رُورُو کر بُرا حال تھا۔ گیس سے دم گھٹنے سے بے ہوش اجے کمار، سوجیت کمار اور متوفی پنکج کے بیٹے درگیش کمار کا مقامی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan