
جے سی پی او اے معاہدہ توڑنے کو جنگی ذہنیت قرار
اورنگ آباد ، 02 مارچ (ہ س) وحدت اسلامی ہند کے کل ہند امیر ضیاء الدین صدیقی نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اللہ کی راہ میں جان دیتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور ان کی قربانی تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خطے میں جاری جنگی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کی کارروائیوں کو ظالمانہ اور بزدلانہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جنوری 2016 میں نافذ مشترکہ جامع منصوبہ عمل پر عالمی طاقتوں نے دستخط کیے تھے لیکن ڈونالڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اس سے علیحدگی اختیار کر کے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر الزامات عائد کیے اور کشیدگی کو ہوا دی۔ ان کے مطابق جون 2025 اور فروری 2026 میں سفارتی عمل کے دوران کیے گئے حملے مجرمانہ ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے فریق ممالک پر لازم ہے کہ وہ امریکہ کو اس کی پابندی پر مجبور کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈے خطے میں مسلسل جنگوں کا سبب بن رہے ہیں اور یہ عام انسانوں کے وجود کیلئے بڑا خطرہ ہیں جبکہ امریکہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے ذریعے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے۔
ضیاء الدین صدیقی نے قرآن کریم کی آیت کے ذریعے شہداء کے مقام کو بیان کرتے ہوئے ایران کے عوام کیلئے صبر اور استقامت کی دعا کی اور سامراج کے خلاف ثابت قدم رہنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے وحدت اسلامی ہند کی جانب سے تعزیت پیش کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت، لواحقین کیلئے صبر اور امت مسلمہ کیلئے بہتر قیادت کی دعا کی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے