اے ایم یو طلبا یونین کے ہال کے میدان میں ہوئی آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا
آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا میں نظر آیا شیعہ سنی اتحاد
نماز جنازہ ادا کرتے ہوئے


آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا میں نظر آیا شیعہ سنی اتحاد

علی گڑھ، 02 مارچ (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ یونین ہال کے میدان میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی مبینہ ہلاکت پر غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر اے ایم یو طلبہ یونین کے سابق صدر محمد سلمان امتیاز اور طلبہ رہنما حیدر علی سمیت معروف ذاکر مولانا محبوب ہلوری نے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی کارروائی کی سخت مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کی موت ایک افسوسناک واقعہ ہے اور اس کے ذمہ دار عناصر کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جانی چاہیے۔ انہوں نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں غیر جانبدارانہ مؤقف اختیار کرے اور ملک کے 25 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے حق و انصاف کا ساتھ دے۔

نمازِ جنازہ کے بعد کچھ افراد نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویر نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔ اس دوران کچھ دیر کے لیے کہا سنی بھی ہوئی، لیکن حالات قابو میں رہے۔ اپنے خطاب میں محمد سلمان امتیاز نے کہا کہ ہم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی مبینہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی کسی بھی جارحانہ کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہیں جو عالمی امن کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے۔

انھوں نے کہا کہ ہم حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں غیر جانبداری اختیار کرے اور ملک کے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا احترام کرتے ہوئے حق اور انصاف کا ساتھ دے۔ انھوں نے کہا ہم پرامن احتجاج اور جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کرنے کے حق کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی برادری سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ انصاف اور امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande