
نئی دہلی، 02 مارچ (ہ س)۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب اور یوتھ کانگریس کے دیگر آٹھ ارکان کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری حقوق اور نوجوانوں کی آواز پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔
این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ نے پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادے بھانو چب اور دیگر نوجوان لیڈروں کو اپنی آواز اٹھانے پر گرفتاری قابل مذمت اور شرمناک حرکت ہے۔ اس موقع پر گجرات کے ایم ایل اے جگنیش میوانی بھی موجود تھے۔
ایران کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ونود جاکھڑ نے ایران کے سپریم لیڈر کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی اور ان کے اہل خانہ، ایرانی عوام اور دنیا بھر میں شیعہ برادری کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل اور خودمختاری کے احترام کے اصولوں پر مبنی رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کانگریس صدر نے بھی اسی طرح کے بیان جاری کر ان اصولوں کی تائید کی ہے ۔
گرفتاریوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گجرات کے ایم ایل اے جگنیش میوانی نے کہا کہ وہ گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں اور اس ناانصافی کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر نے جمہوریت اور آئینی اقدار کے دفاع کے لیے اپنے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد