
اناو، 2 مارچ (ہ س)۔ آگرہ لکھنو ایکسپریس وے پر روڈ ویز کی دو تیز رفتار بسیں ایک کے بعد ایک ٹرک سے ٹکرا گئیں۔ متھرا ڈپو روڈ ویز بس کے تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ دونوں بسوں میں سوار 31 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے سی ایچ سی بنگرماو¿ لے جایا گیا اور پھر ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ تینوں جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
یہ حادثہ آگرہ-لکھنو¿ ایکسپریس وے پر پیر کی صبح تقریباً 5 بجے اس وقت پیش آیا، جب آگرہ فورٹ ڈپو کی ایک روڈ ویز بس، جس میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے، آگرہ سے لکھنو¿ جا رہی تھی۔ بنگرماو¿ علاقے کے گہرپوروا گاو¿ں کے قریب ڈرائیور سو گیا۔ بس آگے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ یو پی ڈی اے کی ٹیم اور پولیس تمام زخمیوں کو بنگرماو¿ سی ایچ سی لے گئی۔ پولیس نے ٹرک آر جے29 جی بی 1397 کو ہٹا کر ہائی وے پر کھڑا کر دیا۔
دریں اثنا، آگرہ سے لکھنو¿ جا رہی متھرا ڈپو کی بس ہائی وے پر پیچھے سے اسی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے بس کے اندر پھنسے 14 لوگوں کو بچا کر بنگرماو¿ سی ایچ سی پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے تین مسافروں کو مردہ قرار دیا اور دیگر زخمیوں کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔ ہلاک شدگان کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے اور ان کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
کوتوال اکھلیش چندر پانڈے نے بتایا کہ حادثہ متھرا ڈپو کے ڈرائیور کے اونگھ جانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ دونوں بسوں کے اکتیس افراد زخمی ہوئے۔ تینوں جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپریس وے پر ٹریفک کو منظم کر دیا گیا ہے، خراب گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا ہے، اور سڑک کو بحال کر دیا گیا ہے۔ بس ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی جائے گی، حادثے کے حوالے سے ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی