
نئی دہلی، 2 مارچ (ہ س)۔ مشرق وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان ٹکراو کی وجہ سے جو افراتفری پھیلی ہے، اس کا اثر دنیا بھر میں محسوس کیا جا رہا ہے۔ ایئر انڈیا اور انڈیگو سمیت کئی ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایک دن پہلے، اتوار کو 11 ممالک میں فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے ہندوستان میں 350 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ( آئی جی آئی) ہوائی اڈے نے پیر کو ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں لکھا،”مشرق وسطی میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کی وجہ سے، مغرب کی جانب جانے والی بین الاقوامی پروازوں میں رکاوٹیں آ رہی ہیں اور ان کے شیڈول میں تبدیلی ہو رہی ہے ۔“ وہیں،متعدد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافر آئی جی آئی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کئی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ائیر انڈیا نے خطے میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مشرق وسطیٰ کے تمام مقامات کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ ایئر لائن نے ’ ایکس‘ پر جاری ایک ایڈوائزری میں کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انڈیگو نے رات 12 بجے تک مشرق وسطی کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ فضائی حدود کی جاری پابندیوں کی وجہ سے 2 اور 3 مارچ کو انڈیگو کی کل 203 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کمپنی نے اسے احتیاطی اقدام قرار دیا۔
ایران -اسرائیل جنگ کے باعث 11 ممالک کی فضائی حدود کے بند ہونے کی وجہ سے اتوار کو ہندوستان میں 350 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ممبئی ہوائی اڈے پر 125 اور دہلی ہوائی اڈے پر 100 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ امرتسر ہوائی اڈے پر 10 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں، جن میں دبئی، دوحہ اور شارجہ کے راستوں پر قطر ایئرویز، ایئر انڈیا ایکسپریس، اسپائس جیٹ اور انڈیگو کی پروازیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ملک کے کئی دوسرے شہروں سے بھی پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد