
اورنگ آباد ، 02 مارچ (ہ س) ضلع میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اور مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت جاری صحت کارڈ کی تقسیم کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اس سہولت سے جوڑا جائے، کیونکہ یہ کارڈ علاج کے اخراجات میں عوام کیلئے بڑا سہارا ثابت ہو رہے ہیں۔
دونوں اسکیموں کے ضلع سطحی نگرانی اور شکایت ازالہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلع میں مجموعی طور پر 34 لاکھ 31 ہزار افراد تک کارڈ پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ اب تک 10 لاکھ 87 ہزار افراد کو یہ کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس عمل کو تیز کرنے کیلئے آشا ورکرس، آپلے سیوا کیندر اور عوامی تقسیم نظام کی دکانوں کو رجسٹریشن اور لاگ اِن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اجلاس میں ریجنل ہیلتھ جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر دیانند موتیپولے، ضلع سرجن ڈاکٹر کملکر مدکھیڈکر، ضلع ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ابھیئے دھانورکر، ضلع سپلائی آفیسر پروین فلاری، اننت آچاریہ، ڈاکٹر مہیش لڈا، ڈاکٹر ملند جوشی، ڈاکٹر سنیل راجپوت، سکھدیو جادھو، ڈاکٹر پرگتی مانے، ڈاکٹر پریتیش یالکر اور اکبر شیخ سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے۔
ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ اسکیم کی کامیاب عمل آوری کیلئے آروگیہ متر کی دستیابی میں اضافہ، کارڈ کی جلد تیاری، اسپتالوں میں شکایات کے فوری ازالے اور دعوؤں کی بروقت منظوری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مستحق مریضوں کو علاج کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے