
ممبئی ، 02 مارچ (ہ س) پالگھر ضلع کے تاراپور انڈسٹریل زون میں واقع بھاگیریا کیمیکلز سے اولیئم گیس کے اخراج نے پیر کے دن پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی، کیونکہ گیس فضا میں پھیلنے کے بعد قریبی کارخانوں اور رہائشی بستیوں تک پہنچ گئی جس سے متعدد افراد کو سانس لینے میں دشواری، گلے کی جلن اور آنکھوں میں تکلیف محسوس ہونے لگی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ سرکاری مشینری متحرک ہو گئی اور فائر بریگیڈ، پولیس اور آلودگی کنٹرول محکمہ کے اہلکار فوری طور پر مقام پر پہنچ گئے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت کمپنی کے احاطے کی جانب جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا اور اطراف کے تعلیمی و صنعتی اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
گیس سے متاثر کچھ افراد کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں، غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ اس حادثے کے بعد کچھ دیر تک علاقے میں خوف کا ماحول رہا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے