
کاٹھمنڈو، 19 مارچ (ہ س) نیپال میں ہندوستانی مالی مدد سے بنائے جانے والے ریلوے ٹریک پر کام معاوضے کے تنازعہ کی وجہ سے رک گیا ہے۔ بردیباس میونسپلٹی کے علاقے میں 14 متاثرہ افراد پر مشتمل معاوضے کے تنازعہ سے ایسٹ ویسٹ ریلوے پروجیکٹ پر کام متاثر ہوا ہے۔
ہندوستانی مدد سے، ضلع مہوتری کے بھنگہا میونسپلٹی کے جے نگر سے ریلوے اسٹیشن تک ریل سروس پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔ تاہم معاوضے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بھنگہاسے بردیباس تک تعمیراتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ان 14 متاثرہ افراد کو تقریباً 70 ملین سے 80 ملین روپے معاوضہ دیا جانا ہے۔ محکمہ ریلوے نے فزیکل انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی وزارت سے یہ رقم جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے متاثرہ رہائشی بردیباس میں ریلوے کی تعمیر کا کام روکنے پر مجبور ہو گئے۔ کونکن ریلوے، جو اس ریلوے ٹریک کی تعمیر کر رہی ہے، نے نیپال حکومت کو خط لکھ کر معاوضے کے تنازع کو جلد از جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ کونکن ریلوے کی جانب سے، ہندوستانی سفارت خانے نے نیپال کی فزیکل پلاننگ اور ٹرانسپورٹ اور محکمہ ریلوے کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں ان سے اس معاملے کو حل کرنے اور بغیر کسی رکاوٹ کے ریلوے ٹریک کی تعمیر کو آگے بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی